قومی

جموں و کشمیر کو خطرناک سیاسی تجربات کی تجربہ گاہ بنادیا گیا:محبوبہ مفتی

ڈیموکریٹک پارٹی (پی ڈی پی) کی صدر اور جموں و کشمیر کی سابق وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے ہفتہ کے روز کہا کہ مرکز کی جانب سے ملک گیر سطح پر حلقہ بندی کی مجوزہ کارروائی سے ظاہر ہوتا ہے کہ جموں و کشمیر کو ایسے سیاسی تجربات کی ''تجربہ گاہ'' کے طور پر استعمال کیا گیا، جنہیں بعد میں ملک کے دیگر حصوں میں بھی نافذ کیا جاتا ہے۔

سری نگر: پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی (پی ڈی پی) کی صدر اور جموں و کشمیر کی سابق وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے ہفتہ کے روز کہا کہ مرکز کی جانب سے ملک گیر سطح پر حلقہ بندی کی مجوزہ کارروائی سے ظاہر ہوتا ہے کہ جموں و کشمیر کو ایسے سیاسی تجربات کی ”تجربہ گاہ” کے طور پر استعمال کیا گیا، جنہیں بعد میں ملک کے دیگر حصوں میں بھی نافذ کیا جاتا ہے۔

ان کا یہ بیان مرکزی کابینہ کی جانب سے ایک روز قبل آئینی ترمیمی بل کو منظوری دیے جانے کے بعد سامنے آیا ہے۔ اس بل کے تحت پارلیمنٹ اور ریاستی اسمبلیوں میں خواتین کے لیے 33 فیصد ریزرویشن کے نفاذ کو حلقہ بندی سے منسلک کیا گیا ہے۔محبوبہ مفتی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ‘ایکس’ پر لکھاکہ ”بار بار جموں و کشمیر کو خطرناک سیاسی تجربات کی تجربہ گاہ کے طور پر استعمال کیا گیا ہے۔

جب ہم نے غلط حلقہ بندی کے عمل کے خلاف آواز اٹھاتے ہوئے خطرے سے آگاہ کیا تھا تو ملک کے باقی حصوں نے خاموشی اختیار کیے رکھی۔ آج جب یہی خطرہ پورے ہندوستان پر منڈلا رہا ہے تو مرکزی دھارے کی سیاسی جماعتیں بالآخر بیدار ہورہی ہیں۔”

انہوں نے مزید کہاکہ ”اسے ایک انتباہ سمجھا جانا چاہیے کہ آج جموں و کشمیر میں جس چیز کو آزمایا جارہا ہے، اسے کل پورے ہندوستان پر مسلط کیا جاسکتا ہے۔ ناانصافی کے سامنے خاموشی اختیار کرنے سے صرف اس کے مرتکب افراد کے حوصلے بلند ہوتے ہیں۔”جموں و کشمیر میں حلقہ بندی کا عمل 5 اگست 2019 کو دفعہ 370 کی منسوخی اور سابق ریاست کو دو مرکز کے زیر انتظام علاقوں، جموں و کشمیر اور لداخ میں تقسیم کیے جانے کے بعد شروع ہوا تھا۔

مرکز نے 6 مارچ 2020 کو سپریم کورٹ کی سابق جج جسٹس رنجنا پرکاش دیسائی کی سربراہی میں حلقہ بندی کمیشن تشکیل دیا تھا۔کمیشن نے مئی 2022 میں اپنی حتمی رپورٹ پیش کی، جس کے تحت اسمبلی حلقوں کی تعداد 83 سے بڑھا کر 90 کردی گئی۔ اس میں جموں ڈویژن کو چھ اضافی نشستیں دی گئیں، جبکہ کشمیر ڈویژن کے حصے میں ایک اضافی نشست آئی۔نیشنل کانفرنس، پی ڈی پی اور دیگر اپوزیشن جماعتوں نے اس عمل کو غیر منصفانہ قرار دیا تھا۔ ل

وک سبھا حلقوں کی ازسرنو حد بندی، خصوصاً پونچھ اور راجوری کو جنوبی کشمیر کے اننت ناگ حلقے میں ضم کیے جانے پر بھی جغرافیائی رابطے اور نمائندگی کے حوالے سے تنقید کی گئی تھی۔اپوزیشن جماعتوں نے الزام لگایا تھا کہ یہ عمل سیاسی محرکات کے تحت انجام دیا گیا اور اس کا مقصد بی جے پی کو فائدہ پہنچانے کے ساتھ خطے کے انتخابی توازن کو تبدیل کرنا تھا۔ تاہم بی جے پی نے ان الزامات کو مسترد کردیا ہے۔