جموں و کشمیر

محبوبہ مفتی، اسمبلی الیکشن نہیں لڑیں گی

پی ڈی پی صدر محبوبہ مفتی نے چہارشنبہ کے دن کہا کہ وہ جموں وکشمیر اسمبلی الیکشن نہیں لڑیں گی۔ انہوں نے نشاندہی کی کہ وہ چیف منسٹر بن جائیں تب بھی مرکزی زیرانتظام علاقہ کے سیٹ اَپ میں اپنی پارٹی کا ایجنڈہ پورا نہیں کرسکیں گی۔

سری نگر: پی ڈی پی صدر محبوبہ مفتی نے چہارشنبہ کے دن کہا کہ وہ جموں وکشمیر اسمبلی الیکشن نہیں لڑیں گی۔ انہوں نے نشاندہی کی کہ وہ چیف منسٹر بن جائیں تب بھی مرکزی زیرانتظام علاقہ کے سیٹ اَپ میں اپنی پارٹی کا ایجنڈہ پورا نہیں کرسکیں گی۔

متعلقہ خبریں
بی جے پی اپنی ناکامیاں چھپانے پاکستان کا ہوّا کھڑا کررہی ہے۔ محبوبہ مفتی کا پلٹ وار
کشمیر میں ووٹوں کی گنتی کی تاریخ بی جے پی کے کہنے پر بدلی گئی: محبوبہ مفتی
میاں الطاف نے 18میں سے 15اسمبلی حلقوں پر محبوبہ مفتی کو مات دے دی
میاں الطاف کو ‘چھپا رستم’ کہنا ان کے ساتھ نا انصافی ہے: عمر عبداللہ
ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی، محبوبہ مفتی کے خلاف مقدمہ درج

انہوں نے کہا کہ میں بی جے پی کے ساتھ بنی حکومت میں چیف منسٹر رہی ہوں جس نے سال 2016 میں 12 ہزار افراد کے خلاف ایف آئی آر رد کی تھی۔ کیا اب ہم یہ کرسکتے ہیں؟۔ میں نے بحیثیت چیف منسٹر‘ وزیراعظم نریندر مودی کے ساتھ علیحدگی پسندوں کو لکھ کر بات چیت کے لئے مدعو کیا تھا۔

کیا آپ آج ایسا کرسکتے ہیں؟ میں نے زمینی سطح پر جنگ بندی کرائی تھی۔ کیا آپ آج ایسا کرسکتے ہیں؟ اگر آپ چیف منسٹر کی حیثیت سے ایک ایف آئی آر واپس نہیں لے سکتے تو ایسے عہدہ کا کیا فائدہ؟۔

پی ڈی پی صدر سے پوچھا گیا تھا کہ ان کے کٹر حریف نیشنل کانفرنس قائد عمر عبداللہ نے یوٹرن لے لیا ہے‘ وہ اب مرکزی زیرانتظام علاقہ میں الیکشن لڑنے والے ہیں‘ کیا آپ بھی ایسا کریں گی۔ محبوبہ مفتی نے کہا کہ عمر عبداللہ نے خود کہا تھا کہ ایک چپراسی کا تبادلہ کرانے کے لئے انہیں لیفٹیننٹ گورنر کے در پر جانا پڑتا ہے۔

مجھے چپراسی کے تبادلہ کی پرواہ نہیں لیکن کیا ہم اپنا یجنڈہ لاگو کرسکتے ہیں؟۔ پی ڈی پی صدر نے کہا کہ 2002 میں جب ہم نے کانگریس سے اتحاد کیا تھا تو ہمارا ایک ایجنڈہ تھا۔ ہم نے سید علی شاہ گیلانی کو جیل سے رہا کیا تھا۔ کیا آپ آج ایسا کرنے کی سوچ سکتے ہیں؟۔ 2014میں ہم نے بی جے پی حکومت سے اتحاد کیا تھا۔