سوشیل میڈیا

ذہنی متاثرہ شخص کی ہائی وولٹیج تاروں پر کرتب بازی، ویڈیو وائرل

اس شخص کی شناخت ناصرریڈی کے طور پر کی گئی ہے جو ذہنی صحت کے مسائل سے دوچار ہے اور وہ سڑکوں پر یوں ہی گھومتارہتا ہے۔ یہ شخص لوگوں کے مکانات کی چھتوں اور بجلی کے پولس پر اچانک چڑھ جاتا ہے۔

حیدرآباد: ایک ذہنی طورپر متاثرہ شخص الکٹرک پول پر چڑھ گیا اور ہائی وولٹیج والے وائرس پر کرتب بازی کرنے لگا۔

یہ انوکھاواقعہ اے پی کے ضلع پرکاشم میں پیش آیا۔

تفصیلات کے مطابق اس شخص کی شناخت ناصرریڈی کے طور پر کی گئی ہے جو ذہنی صحت کے مسائل سے دوچار ہے اور وہ سڑکوں پر یوں ہی گھومتارہتا ہے۔ یہ شخص لوگوں کے مکانات کی چھتوں اور بجلی کے پولس پر اچانک چڑھ جاتا ہے۔

وہ ضلع کے کھمبم پٹنم علاقہ میں اچانک ہائی ٹنشن بجلی کے پول پر چڑھ گیا۔مقامی افرادنے فوری طورپر اس بات کی اطلاع محکمہ بجلی کے عہدیداروں کو دی جنہوں نے فوری چوکسی کامظاہرہ کرتے ہوئے بجلی کی سپلائی کوعارضی طورپر بند کردیاتاکہ ہائی ٹنشن وائر سے ذہنی طورپر متاثرہ بجلی کے جھٹکے سے محفوظ رہے۔

اس ذہنی متاثرہ شخص نے ہائی ٹنشن پول پر چڑھ کر اس کے تاروں کو پکڑ کر کرتب بازی شروع کردی۔اس کی ان حرکتوں نے مقامی افراد میں الجھن پیداکردی جنہوں نے اس واقعہ کی ویڈیو اپنے سل فونس میں قید کرتے ہوئے اس کو سوشل میڈیا کے مختلف پلیٹ فارمس پر وائرل کردیا۔

اس واقعہ کی اطلاع کے ساتھ ہی پولیس وہاں پہنچ گئی اور تقریبا دو گھنٹوں کی جدوجہد کے بعد اس کو محفوظ طورپر ہائی ٹنشن پول سے نیچے اتارنے میں کامیابی حاصل کرلی۔

بعد ازاں پولیس نے اس کو پولیس اسٹیشن منتقل کیا اور اس بات کی اطلاع اس کے ارکان خاندان کو دی۔