صرف ذات کا نام لینا جرم نہیں: کرناٹک ہائی کورٹ
ہائی کورٹ نے کہا کہ صرف ذات سے مخاطب کرنا جرم نہیں ہوگا جب تک کہ وہ اس ذات سے تعلق رکھنے والے شخص کی توہین کرنے کے ارادہ سے نہ ہو۔

بنگلورو: درج فہرست ذات و قبائل (انسداد مظالم) قانون 1989ء پر کرناٹک ہائی کورٹ نے بڑا فیصلہ کیا ہے۔ ہائی کورٹ نے کہا کہ صرف ذات سے مخاطب کرنا جرم نہیں ہوگا جب تک کہ وہ اس ذات سے تعلق رکھنے والے شخص کی توہین کرنے کے ارادہ سے نہ ہو۔
مظالم قانون کی دفعات سے متعلق ایک ملزم کے خلاف مقدمہ کو خارج کرتے ہوئے ہائی کورٹ نے یہ بھی کہا کہ قاعدہ7 کے تحت کیس کی تحقیقات ایک ڈپٹی ایس پی کے درجہ کے حامل پولیس عہدیدار کو کرنی چاہیے نہ کہ سب انسپکٹر درجہ کے عہدیدار کو۔
بنگلورو دیہی ضلع کے بنڈیسنڈرا گاؤں کے ساکن وی شیلیش کمار کی دائر عرضی کو جزوی طور پر قبول کرتے ہوئے جسٹس ایم ناگاپرسنا نے کہا کہ درخواست گزار کو آئی پی سی کے تحت جرائم جیسے مار پیٹ، مجرمانہ دھمکی وغیرہ کے کیس میں مقدمہ کا سامنا کرنا ہوگا۔
کیس کرکٹ میاچ کے بعد دو ٹیموں کے درمیان ہوئے تنازعہ کا ہے۔ 14/ جون2020 کو اگلورو گاؤں کی جیہ اماں نے شکایت درج کرائی۔ اس نے الزام عائد کیا کہ اس کے بیٹے منوج کو اس کے دوست اور اس کے ساتھیوں نے جھگڑے کے بعد گالیاں دیں اور مارپیٹ کی۔