پوپل گوڑہ میں نصف شب ڈرامہ، متنازعہ پٹہ اراضی پر ریئل اسٹیٹ کمپنی کی سڑک تعمیر کرنے کی کوشش
راجندر نگر کے حدود میں واقع پوپل گوڑہ میں نصف شب اس وقت کشیدگی پیدا ہوگئی جب ایک ریئل اسٹیٹ کمپنی نے مبینہ طور پر سروے نمبر 300 کی متنازعہ پٹہ اراضی پر سڑک تعمیر کرنے کا کام شروع کردیا۔
حیدرآباد: راجندر نگر کے حدود میں واقع پوپل گوڑہ میں نصف شب اس وقت کشیدگی پیدا ہوگئی جب ایک ریئل اسٹیٹ کمپنی نے مبینہ طور پر سروے نمبر 300 کی متنازعہ پٹہ اراضی پر سڑک تعمیر کرنے کا کام شروع کردیا۔
اراضی کے مالکان کا الزام ہے کہ کمپنی نے نصف شب جے سی بی اور بلڈوزر مشینیں استعمال کرتے ہوئے زمین کو ہموار کیا اور وہاں سڑک تعمیر کرنے لگی۔
متاثرین کے مطابق کمپنی نے اراضی پر نصب سی سی ٹی وی کیمروں کو بھی نقصان پہنچایا اور پولیس کی موجودگی میں سڑک کی تعمیر شروع کردی۔
اراضی مالکان نے تعمیراتی کام روکنے کی کوشش کی تو پولیس اور متاثرین کے درمیان تلخ بحث ہوگئی۔ احتجاج کرتے ہوئے بعض افراد ٹرکوں اور جے سی بی مشینوں کے سامنے لیٹ گئے تاکہ کام کو روکا جاسکے۔
بعد ازاں پولیس نے کئی افراد کو حراست میں لے کر نارسنگی پولیس اسٹیشن منتقل کردیا۔
پٹہ اراضی کے مالکان نے اعتراض کیا کہ زمین کا تنازعہ عدالت میں زیر سماعت ہونے کے باوجود وہاں سڑک کی تعمیر کیسے کی جارہی ہے۔
متاثرین نے مزید الزام لگایا کہ حیدرآباد میٹروپولیٹن ڈیولپمنٹ اتھارٹی (HMDA) کے عہدیدار اور پولیس ریئل اسٹیٹ کمپنی کی مدد کررہے ہیں۔
اس واقعہ کے بعد متنازعہ اراضی پر تعمیراتی سرگرمیوں اور نجی زمینوں کے تحفظ کے حوالے سے سوالات اٹھنے لگے ہیں۔