حیدرآباد

عازمین کو سوشل میڈیا کے فتنہ سے بچنے کی تلقین: محمود علی

ریاستی وزیر داخلہ محمد محمود علی نے عازمین حج سے درخواست کی کہ وہ حج کے دوران عبادتوں میں مصروف رہیں۔ اللہ تعالیٰ جسے توفیق دیتا ہے اُسی شخص کو حج کی سعادت نصیب ہوتی ہے۔

حیدرآباد: ریاستی وزیر داخلہ محمد محمود علی نے عازمین حج سے درخواست کی کہ وہ حج کے دوران عبادتوں میں مصروف رہیں۔ اللہ تعالیٰ جسے توفیق دیتا ہے اُسی شخص کو حج کی سعادت نصیب ہوتی ہے۔

متعلقہ خبریں
10 روزہ حج و عمرہ تربیتی کورس
منصف ٹی وی کے ’مشن 2024‘ کانکلیو کا کامیاب انعقاد
بجٹ میں تلنگانہ نظرانداز‘شہر میں زیر وفلکسیز آویزاں
منشیات قانون کے تحت مجرم قرار دیئے گئے شخص کوحج ادا کرنے کی اجازت
دس روزہ حج و عمرہ تربیتی کورس کا 4مارچ سے آغاز

وزیر داخلہ محمد محمود علی ہفتہ کے روز ریڈروز فنکشن ہال نامپلی میں حج کمیٹی کے زیراہتمام مرکزی تربیتی اجتماع سے خطاب کررہے تھے۔ اس تربیتی اجتماع کی صدارت صدرنشین حج کمیٹی محمد سلیم نے کی۔ مفتی خلیل احمد شیخ الجامعہ جامعہ نظامیہ نے نگرانی کی۔

محمدمحمود علی نے کہا کہ آج کے دور میں حج کرنا بہت آسان ہوگیا ہے۔50اور60 سال قبل عازمین کو بہت سی دشواریوں کا سامنا کرنا پڑتا تھا۔ انہوں نے عازمین سے گذارش کی کہ وہ ملک اور تلنگانہ کی ترقی کیلئے دعا کریں۔ ریاستی وزیر افزائش مویشیان ٹی سرینواس یادو نے کہا کہ حکومت تلنگانہ نے جو انتظامات کئے ہیں اس طرح کے انتظامات ملک کی کسی بھی ریاست میں نہیں کئے گئے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے ہر عازم کے ایک لاکھ5 ہزار روپے کم کروائے ہیں۔ آئندہ سال حکومت کی جانب سے عازمین کو سبسیڈی دلانے کے اقدامات کئے جائیں گے۔ مفتی خلیل احمد نے کہا کہ عازمین کو حج کے فرائض اور واجبات پر زیادہ اہمیت دینا چاہئے۔ ایام حج میں عازمین کو جو تکالیف ہوتی ہیں ان تکالیف کو صبر وتحمل کے ساتھ برداشت کرنا چاہئے۔

صدر نشین تلنگانہ اسٹیٹ حج کمیٹی محمد سلیم نے عازمین کو مشورہ دیا کہ وہ خشوع وخضوع کے ساتھ نمازوں کا اہتمام کریں اور اپنے افراد خاندان، دوست احباب کی مغفرت اور عالم اسلام کیلئے دعائیں کرنا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ وہ اللہ کے مہمان بن کر جارہے ہیں۔ انہیں زیادہ تر وقت عبادتوں میں صرف کرنا چاہئے۔ مولانا محمد حسام الدین ثانی جعفر پاشاہ امیر ملت اسلامیہ نے عازمین کو مشورہ دیا کہ حج کے دوران سوشل میڈیا کے فتنے سے دور رہیں۔

اس کے بجائے انہیں عبادتوں میں و قت گذارنا چاہئے۔ انہوں نے عازمین پر زور دیا کہ وہ ملک کی سلامتی امن کیلئے دعا کریں۔ مجلس کے رکن اسمبلی جعفر حسین معراج نے کہا کہ اکثر دیکھا یہ جاتا ہے کہ بعض عازمین ویڈیو گرافی، سیلفی لینے میں مشغول ہو کر عبادتوں سے دور ہوجاتے ہیں۔

انہیں اس طرح کی حرکتوں سے بچنا چاہئے۔ اس موقع پر مفتی سید ضیاء الدین نقشبندی، ایگزیکٹیو آفیسر حج کمیٹی بی شفیع اللہ، بی آر ایس قائد عبدالمقیت چندا اور دیگر نے خطاب کیا۔ مولانا ابرار نے دعا کی۔ رکن حج کمیٹی سید غلام احمد حسین نے شکریہ ادا کیا۔ اس موقع پر حج گائیڈ کی رسم اجرائی انجام دی گئی۔اس موقع پر ارکان حج کمیٹی سید نظام الدین نارسنگی، محمد جعفر خان گجویل اور دیگر موجود تھے۔