آخرکار مشن بھاگیرتھا کو ملی نئی سمت، وزیر سیتکا نے پینے کے پانی کی فراہمی کا لیا جائزہ
سابق وزیر اعلیٰ کے چندرشیکھر راؤ (کے سی آر) کی جانب سے شروع کیے گئے اہم پروگرام مشن بھاگیرتھا کو اب نئی سمت دینے کی کوششیں شروع ہوگئی ہیں۔ وزیر سیتکا نے سکریٹریٹ میں مشن بھاگیرتھا کے تحت دیہی علاقوں میں پینے کے پانی کی فراہمی کے انتظامات کا جائزہ لیا۔
حیدرآباد: سابق وزیر اعلیٰ کے چندرشیکھر راؤ (کے سی آر) کی جانب سے شروع کیے گئے اہم پروگرام مشن بھاگیرتھا کو اب نئی سمت دینے کی کوششیں شروع ہوگئی ہیں۔ وزیر سیتکا نے سکریٹریٹ میں مشن بھاگیرتھا کے تحت دیہی علاقوں میں پینے کے پانی کی فراہمی کے انتظامات کا جائزہ لیا۔
جائزہ اجلاس میں اسپیشل چیف سکریٹری ڈی دانا کشور، مشن بھاگیرتھا کے این سی سی کروپا کر ریڈی کے علاوہ چیف انجینئرز (CEs) اور سپرنٹنڈنگ انجینئرز (SEs) نے شرکت کی۔
اجلاس میں دیہی علاقوں میں پینے کے پانی کی باقاعدہ فراہمی اور عوام کو بروقت معلومات فراہم کرنے کے لیے مختلف اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ حکام کے مطابق ہر گاؤں کے لیے الگ واٹس ایپ گروپس قائم کیے گئے ہیں، جن میں خواتین کے گروپس، سرپنچ، وارڈ ممبران اور پنچایت سکریٹریز کو شامل کیا گیا ہے۔
ان واٹس ایپ گروپس کے ذریعے گاؤں میں پانی کی فراہمی کے شیڈول سے متعلق معلومات وقتاً فوقتاً فراہم کی جائیں گی، تاکہ عوام کو پانی کی دستیابی کے اوقات کے بارے میں بروقت آگاہ کیا جاسکے۔
وزیر سیتکا کی جانب سے مشن بھاگیرتھا کے کام کا جائزہ ایسے وقت میں لیا گیا ہے جب وہ ماضی میں اس منصوبے کو لے کر سابق حکومت اور کے سی آر پر تنقید کرتی رہی ہیں۔ تازہ جائزے سے ظاہر ہوتا ہے کہ حکومت اب دیہی علاقوں میں پینے کے پانی کی فراہمی کے نظام کو مزید مؤثر بنانے پر توجہ دے رہی ہے۔