مودی کو عام آدمی کی کوئی پرواہ نہیں: پرینکا گاندھی
کانگریس قائد پرینکا گاندھی وڈرا نے اتوار کے دن اپنے بھائی راہول گاندھی کے ساتھ نریندر مودی حکومت پر بڑھتے دام اور بے روزگاری کے لئے تنقید کی۔
وائناڈ (آئی اے این ایس) کانگریس قائد پرینکا گاندھی وڈرا نے اتوار کے دن اپنے بھائی راہول گاندھی کے ساتھ نریندر مودی حکومت پر بڑھتے دام اور بے روزگاری کے لئے تنقید کی۔
انہوں نے کہا کہ حکومت عام آدمی کو نظرانداز کررہی ہے اور صرف بڑے تاجروں کو ان کے قرض معاف کرتے ہوئے بڑھاوادے رہی ہے۔ کیرالا کے حلقہ لوک سبھا وائناڈ میں جہاں 13نومبر کو ضمنی الیکشن ہونے والا ہے، اپنی انتخابی مہم کا دوسرا مرحلہ شروع کرتے ہوئے کانگریس جنرل سکریٹری نے کہا کہ علاج معالجہ کی بنیادی سہولتوں کو بہتر بنانے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ ان کے حلقہ میں پینے کے پانی، امکنہ اور تعلیم کی صورتحال کو بھی بہتر بنانا ضروری ہے، حالانکہ ان کے بھائی راہول گاندھی اِس سلسلہ میں بہت کام کرچکے ہیں۔
دیہاتوں میں روزگار کی اسکیم کے لئے فنڈنگ بڑھانے پارلیمنٹ میں حکومت پر دباؤ ڈالنے کا وعدہ کرتے ہوئے پرینکا گاندھی نے کہا کہ مودی حکومت نے امیرتاجروں کا 16لاکھ کروڑ کا قرض معاف کردیا، لیکن اسے کسانوں کو فصل معاوضہ دینے یا علاج معالجہ کی بہتر سہولتیں اور روزگار کی فراہمی کے لئے پیسہ خرچ کرنے میں پس و پیش ہے۔
بڑے تاجروں پر نوازش کے لئے وزیراعظم مودی کو نشانہ تنقید بناتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مودی کا مقصد غصہ اور نفرت پھیلاتے ہوئے، عوام کو بانٹتے ہوئے اقتدار سے چمٹے رہنا ہے۔
انہوں نے وزیراعظم پر جمہوری اداروں کو کچلنے اور عوام کو ان کے حقوق سے محروم رکھنے کا بھی الزام عائد کیا۔ بڑھتی مہنگائی اور بیروزگاری کو بنیادی مسئلہ بتاتے ہوئے پرینکا گاندھی نے کہا کہ ریاستی اور مرکزی حکومتیں عوام کے لئے کام نہیں کررہی ہیں۔
وائناڈ کی ترقی کے لئے اپنا بلوپرنٹ جاری کرتے ہوئے کانگریس جنرل سکریٹری نے کہا کہ یہاں سیاحت کو بڑھاوادیا جاسکتا ہے اور فوڈ پروسیسنگ یونٹس کے قیام کے ذریعہ لوگوں کی آمدنی بڑھائی جاسکتی ہے۔ راہول گاندھی نے اپنے خطاب میں زیادہ سیاسی مسائل نہیں اٹھائے۔
انہوں نے کہا کہ ملک میں آج لڑائی انسانیت اور محبت سے بنے دستور کے تحفظ اور اس کی بالادستی کی برقراری تک محدود ہے۔ انہوں نے اپنی بہن کی ستائش کی جو ان کے سابقہ حلقہ سے رکن پارلیمنٹ بننا چاہتی ہیں۔ راہول گاندھی نے کہا کہ بعض اوقات میں بڑا منطقی ہوجاتا ہوں، لیکن میری بہن مجھ سے زیادہ جذباتی ہے۔ اسی لئے مجھے پورا اعتماد ہے کہ آپ لوگوں کو بہتر ین رکن پارلیمنٹ ملنے والی ہے۔