مودی کا گجرات ماڈل، وڈودرا میں پل گرگیا، 9 افراد ہلاک
عینی شاہدین کے مطابق، پل گرنے سے پہلے ایک زور دار دھماکے جیسی آواز سنائی دی، اور لمحوں میں ساری گاڑیاں ندی میں جاگریں۔ فائر بریگیڈ، مقامی پولیس، اور وڈودرا ضلع انتظامیہ کی ٹیمیں فوری طور پر موقع پر پہنچ گئیں اور ریسکیو آپریشن کا آغاز کیا۔ مقامی افراد نے بھی امدادی کارروائیوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔
نئی دہلی: گجرات کے وڈودرا ضلع کے پڈرا تعلقہ میں بدھ کی صبح اس وقت قیامت برپا ہوگئی جب گمبھیرہ-مجپور پل کا ایک حصہ اچانک منہدم ہوگیا، جس کے نتیجے میں 9 افراد ہلاک اور متعدد گاڑیاں مہی ساگر (ماہی) ندی میں جاگریں۔
یہ پل آنند اور وڈودرا اضلاع کو جوڑتا ہے اور صبح کے وقت جب ٹریفک اپنے عروج پر تھا، اچانک اس کا ایک بڑا حصہ ٹوٹ کر ندی میں گر گیا۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق، حادثے کے وقت دو ٹرک، ایک بولیرو ایس یو وی اور ایک پک اپ وین پل پر موجود تھیں جو پل کے گرنے کے ساتھ ہی پانی میں بہہ گئیں۔
عینی شاہدین کے مطابق، پل گرنے سے پہلے ایک زور دار دھماکے جیسی آواز سنائی دی، اور لمحوں میں ساری گاڑیاں ندی میں جاگریں۔ فائر بریگیڈ، مقامی پولیس، اور وڈودرا ضلع انتظامیہ کی ٹیمیں فوری طور پر موقع پر پہنچ گئیں اور ریسکیو آپریشن کا آغاز کیا۔ مقامی افراد نے بھی امدادی کارروائیوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔
اب تک تین زخمیوں کو ندی سے نکال کر نزدیکی اسپتال منتقل کیا جا چکا ہے جبکہ دیگر لاپتہ افراد کی تلاش جاری ہے۔ جائے حادثہ پر کرینیں بھی پہنچا دی گئی ہیں تاکہ ڈوبی ہوئی گاڑیوں کو باہر نکالا جا سکے۔
حادثے کے فوری بعد پڈرا کے ایم ایل اے چیتنیا سنگھ زالا موقع پر پہنچے اور صورتحال کا جائزہ لیا۔ حکام نے پورے علاقے کو سیل کر دیا ہے تاکہ مزید حادثات سے بچا جا سکے، اور پل گرنے کی وجوہات جاننے کے لیے تفتیشی عمل کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
مقامی افراد کا کہنا ہے کہ یہ پل وسطی گجرات کو سوراشٹرا سے جوڑنے والا ایک اہم راستہ تھا، اور آنند، وڈودرا، بھروچ اور انکلیشور کے ہزاروں مسافروں کے لیے روزمرہ کی آمد و رفت کا ذریعہ تھا۔ لیکن پل کی حالت گزشتہ کئی برسوں سے خراب تھی اور اس کی طرف کوئی توجہ نہیں دی گئی۔
ایک مقامی شہری نے الزام لگایا، "گمبھیرہ پل صرف ٹریفک کے لیے خطرناک ہی نہیں، بلکہ یہ خودکشی کا مقام بھی بن چکا ہے۔ کئی بار وارننگ دی گئی، لیکن انتظامیہ نے کوئی کارروائی نہیں کی۔”
اس واقعے پر سینئر کانگریس رہنما امت چاوڈا نے سوشل میڈیا پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے لکھا:
"آنند اور وڈودرا کو جوڑنے والا مرکزی گمبھیرہ پل گر چکا ہے۔ کئی گاڑیاں ندی میں گر گئی ہیں اور بڑے پیمانے پر جانی نقصان کا اندیشہ ہے۔ انتظامیہ فوری طور پر بچاؤ کارروائیاں انجام دے اور متبادل راستے مہیا کرے۔”
تاحال ریسکیو کارروائیاں جاری ہیں، جب کہ مزید معلومات کا انتظار کیا جا رہا ہے۔