کھیل

محمد امان‘ ہندوستانی کرکٹر کا ابھرتا ستارہ

امان اس وقت صرف 5 برس کے تھے لیکن کرکٹ سے ان کا خاص تعلق تھا۔ انہوں نے پہلے گلیوں میں کھیلنا شروع کیا، بعد میں شہر میں ہونے والے چھوٹے بڑے ٹورنامنٹس میں حصہ لینا شروع کیا۔

حیدرآباد: ہندوستان کی انڈر۔19 ٹیم کے کپتان محمد امان جاپان کے خلاف سنچری بنانے کے بعد سرخیوں میں ہیں۔ پیر کو کھیلے گئے میچ میں نوجوان بلے باز نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 7 چوکوں کی مدد سے 122 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی اور جاپان کو جیت کیلئے 340 رنز کا ہدف دیا۔ دائیں ہاتھ کے اس بلے باز کیلئے اس مقام تک پہنچنا آسان نہیں رہا۔

ان کی کہانی کسی فلمی اسکرپٹ سے کم نہیں۔ مغربی اترپردیش کے سہارنپور میں پیدا ہونے والے محمد امان نے 2011 میں کرکٹ کھیلنا شروع کیا۔ ہندوستان نے مہندر سنگھ دھونی کی کپتانی میں 1983 کے بعد دوسری بار ونڈے ورلڈکپ ٹرافی جیتی۔

 امان کی عمر اس وقت صرف 5 سال تھی۔ ایک انٹرویو میں محمد امان نے بتایا تھاکہ انہوں نے ہندوستان اور سری لنکا کے درمیان کھیلا گیا تاریخی فائنل میچ اپنے پڑوسی کے ٹی وی پر دیکھا تھا۔ ہندوستان کی چھ وکٹوں سے جیت کے بعد سب نے زبردست جشن منایا۔

 امان اس وقت صرف 5 برس کے تھے لیکن کرکٹ سے ان کا خاص تعلق تھا۔ انہوں نے پہلے گلیوں میں کھیلنا شروع کیا، بعد میں شہر میں ہونے والے چھوٹے بڑے ٹورنامنٹس میں حصہ لینا شروع کیا۔ امان کی زندگی میں ایک ایسا مرحلہ آیا جب وہ کرکٹ چھوڑنے پر مجبور ہوگئے۔ ان کی والدہ کا انتقال 2020 میں کوویڈ کی وجہ سے ہوا۔

 2022 میں ان کے والد جوکہ ٹرک ڈرائیور تھے، بھی دنیا کو الوداع کہہ گئے۔ اب خاندان کی ذمہ داری محمد امان کے سر پر آگئی۔ اپنے والد کی موت کے صرف 3 سے 4 دن بعد انہیں انڈر 19 ونو مانکڈ ٹرافی کیلئے یوپی کیمپ سے بلایا آیا۔ اپنے کوچ راجیو گوئل سے مشورہ کرنے کے بعد انہوں نے کھیلنے کا فیصلہ کیا لیکن وہ کچھ خاص کارکردگی نہیں دکھاسکے۔

 جب وہ واپس آئے تو خاندانی ذمہ داریاں اس پر حاوی ہونے لگیں۔ ایک وقت آیا جب انہوں نے کرکٹ سے دور رہنے کا فیصلہ کیا۔ وہ مدد مانگنے اپنے کوچ کے پاس گئے۔ پھر ان کے کوچ نے انہیں اسٹیڈیم میں چھوٹے بچوں کی کوچنگ کا کام دیا۔

 اس طرح اعتماد کی ڈور کرکٹ سے جڑی رہی۔ ستمبر میں امان کو پہلی بار ہندوستان کی انڈر۔19 ٹیم کی کمان سونپی گئی۔ بورڈ آف کنٹرول فار کرکٹ ان انڈیا (بی سی سی آئی) نے پڈوچیری میں ہندوستان اور آسٹریلیا کی انڈر۔19 ٹیموں کے درمیان ونڈے سیریز کیلئے بھی محمد امان کو کپتان بنایا۔

 اس سے اس کی زندگی بالکل بدل گئی۔ اب وہ ایشیا کپ میں ٹیم کی قیادت کررہے ہیں۔ آسٹریلیا کے خلاف کھیلی گئی 3 ونڈے میچوں کی سیریز میں امان نے دو نصف سنچریوں کی مدد سے 129 رنز بنائے۔

ہندوستان نے یہ سیریز 3-0 سے جیت لی۔ شائقین کو امید ہے کہ اب امان ایشیا کپ میں بھی ہندوستانی ٹیم کو فتح سے ہمکنار کرنے میں کامیاب ہوں گے۔