محمد اظہر الدین امیرِ حلقہ جماعت اسلامی ہند، تلنگانہ مقرر
جماعت اسلامی ہند میں شمولیت کے بعد انہوں نے مختلف اہم ذمہ داریاں نبھائیں۔ 2003 تا 2007 وہ امیر مقامی حیدرآباد (جنوب) کے عہدے پر فائز رہے۔ اس کے بعد وہ جماعت اسلامی ہند، متحدہ آندھرا پردیش کے سیکریٹری کی حیثیت سے خدمات انجام دیتے رہے۔
حیدرآباد: امیر جماعت اسلامی ہند، جناب سید سعادت اللہ حسینی نے جناب محمد اظہر الدین کو جماعت اسلامی ہند، تلنگانہ کا نیا امیرِ حلقہ مقرر کیا ہے۔ وہ موجودہ میقات کی بقیہ مدت (مارچ 2027) تک اس عہدے پر فائز رہیں گے۔
محمد اظہر الدین کی جماعت اسلامی ہند اور اس کی ذیلی تنظیموں سے ایک طویل اور سرگرم وابستگی رہی ہے۔ اپنی عملی زندگی کے آغاز میں وہ طلبہ تنظیم اسٹوڈنٹس اسلامک آرگنائزیشن آف انڈیا (SIO) سے وابستہ رہے اور صدر، ایس آئی او حیدرآباد شہر کی ذمہ داری انجام دی۔ بعد ازاں 1991 سے 1993 تک وہ ایس آئی او متحدہ آندھرا پردیش کے صدر حلقہ رہے۔
جماعت اسلامی ہند میں شمولیت کے بعد انہوں نے مختلف اہم ذمہ داریاں نبھائیں۔ 2003 تا 2007 وہ امیر مقامی حیدرآباد (جنوب) کے عہدے پر فائز رہے۔ اس کے بعد وہ جماعت اسلامی ہند، متحدہ آندھرا پردیش کے سیکریٹری کی حیثیت سے خدمات انجام دیتے رہے۔ ریاست تلنگانہ کے قیام کے بعد وہ جماعت اسلامی ہند، تلنگانہ کے نائب امیرِ حلقہ سمیت کئی اہم عہدوں پر خدمات انجام دے چکے ہیں۔
محمد اظہر الدین کو جماعت میں ایک سرگرم، مخلص اور متحرک رکن کے طور پر جانا جاتا ہے، جنہوں نے مسلسل جماعتی و سماجی سرگرمیوں میں نمایاں کردار ادا کیا ہے۔
جماعت اسلامی ہند نے دعا کی ہے کہ اللہ تعالیٰ ان کی خدمات کو قبول فرمائے اور ان کے ذریعہ ملک و ملت کی خدمت مزید مؤثر انداز میں جاری رہے۔