اسرائیل اور حماس کے درمیان جاری جنگ میں اب تک 21 ہزار سے زائد افراد ہلاک ہو چکے ہیں
فلسطین میں عیسائیوں کی سلامتی کو اکتوبر میں غزہ کے قدیم یونانی آرتھوڈوکس چرچ سینٹ پورفیریس پر بمباری سے ایک دھچکا لگا، جس میں بچوں سمیت کم از کم 18 افراد ہلاک ہوئے تھی۔
یروشلم/غزہ: اسرائیل اور فلسطینی گروپ حماس کے درمیان جاری جنگ میں اب تک 21,000 سے زیادہ افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ مقامی میڈیا کے مطابق 7 اکتوبر سے جاری جنگ میں اب تک 20,258 فلسطینی ہلاک ہو چکے ہیں جب کہ حماس کی جانب سے شروع کیے گئے حملے میں 1250 کے قریب اسرائیلی ہلاک ہو چکے ہیں۔
اسرائیلی ڈیفنس فورسز (آئی ڈی ایف) نے اتوار کے روز کہا کہ فلسطینی تحریک حماس کے ساتھ تصادموں میں اضافے میں ہلاک ہونے والے اسرائیلی فوجیوں کی تعداد 485 تک پہنچ گئی ہے۔ آئی ڈی ایف نے کہا کہ ہفتے کے روز مزید آٹھ فوجی مارے گئے۔
فوج نے کہا کہ جنگ شروع ہونے کے بعد سے اب تک 1,996 فوجی اہلکار زخمی ہو چکے ہیں جن میں سے 321 شدید زخمی ہو کر ہسپتال میں داخل ہیں۔ خیال ر ہے کہ 7 اکتوبر کو حماس نے غزہ کی پٹی سے اسرائیل کے خلاف زبردست راکٹ حملہ کیا تھا، جب کہ اس کے جنگجوؤں نے سرحد کی خلاف ورزی کرتے ہوئے فوج اور شہریوں پر فائرنگ کی تھی۔
اس کے نتیجے میں اسرائیل میں 1,200 سے زیادہ لوگ مارے گئے اور تقریباً 240 دیگر کو اغوا کر لیا گیا۔ اسرائیل نے جوابی حملے شروع کیے، غزہ کی مکمل ناکہ بندی کا حکم دیا۔
اور حماس کے جنگجوؤں کو ختم کرنے اور یرغمالیوں کو بچانے کے بیان کردہ ہدف کے ساتھ فلسطینی علاقے میں زمینی دراندازی شروع کی۔ مقامی حکام نے بتایا کہ اسرائیلی حملوں کے نتیجے میں غزہ میں اب تک 20 ہزار سے زائد افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔
دریں اثنا، 24 نومبر کو قطر نے اسرائیل اور حماس کے درمیان ایک عارضی جنگ بندی اور کچھ قیدیوں اور یرغمالیوں کے تبادلے کے ساتھ ساتھ غزہ کی پٹی میں انسانی امداد کی ترسیل کے معاہدے کی ثالثی کی تھی۔ جنگ بندی میں کئی بار توسیع کی گئی اور یہ یکم دسمبر کو ختم ہوگئی۔
الجزیرہ کی رپورٹ کے مطابق کیرولس، کوکیز اور کرسمس لائٹس کے ذریعے، 25 دسمبر کو پوری دنیا کے دو ارب سے زائد مسیحیوں کے لیے عیسیٰ کی پیدائش کا جشن منایا جائے گا لیکن فلسطین میں تیزی سے کم ہوتے 50,000 عیسائیوں کے لیے یہ دن ایک اندھیری رات جیسا ہوگا۔
فلسطین میں عیسائیوں کی سلامتی کو اکتوبر میں غزہ کے قدیم یونانی آرتھوڈوکس چرچ سینٹ پورفیریس پر بمباری سے ایک دھچکا لگا، جس میں بچوں سمیت کم از کم 18 افراد ہلاک ہوئے تھی۔ اسرائیلی فورسز نے ہفتے کے روز غزہ کے ایک کیتھولک چرچ میں ایک بزرگ عیسائی ماں اور اس کی بیٹی کو بھی گولی مار کر ہلاک کر دیا۔
اس سال فلسطین میں کرسمس کی خصوصیت رکھنے والی بہت سی خوشی کی رسومات کی جگہ سادہ تقریبات، ماتم اور دعائیں ہوں گی، جو خطے کی موجودہ حقیقت پر سخت روشنی ڈالیں گی۔