شب معراج کے موقع پر شہر کے اکثر فلائی اوورس رہیں گے بند
شبِ معراج کے موقع پر حیدرآباد میں عوام کی حفاظت اور ٹرافک کے نظم و ضبط کو یقینی بنانے کے لیے شہر کے زیادہ تر فلائی اوورز بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
شبِ معراج کے موقع پر حیدرآباد میں عوام کی حفاظت اور ٹرافک کے نظم و ضبط کو یقینی بنانے کے لیے شہر کے زیادہ تر فلائی اوورز بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ پولیس حکام کے مطابق یہ اقدام کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچاؤ اور ہموار ٹرافک انتظامات کے لیے کیا جا رہا ہے۔
حیدرآباد سٹی پولیس کے جوائنٹ کمشنر ٹرافک ڈی جوئل ڈیوس نے بتایا کہ 16 اور 17 جنوری کی درمیانی شب رات 10 بجے سے شہر کے تمام فلائی اوورز بند رہیں گے، تاہم گرین لینڈز فلائی اوور، پی وی نرسمہا راؤ ایکسپریس وے اور لنگر ہاؤس فلائی اوور کو اس پابندی سے مستثنیٰ رکھا گیا ہے۔ اس کے علاوہ نیکلس روڈ، تلنگانہ تھلی، شیخ پیٹ، منموہن سنگھ اور بہادرپورہ ایکس روڈ فلائی اوور ضرورت کے مطابق بند کیے جائیں گے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ بندش کا مقصد ٹرافک کو منظم رکھنا، بھیڑ بھاڑ سے بچاؤ اور شہریوں کی جان و مال کی حفاظت ہے۔ شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ ٹرافک سے متعلق تازہ معلومات کے لیے پولیس کے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز ایکس (X) اور فیس بک پر نظر رکھیں، جبکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں ٹرافک ہیلپ لائن نمبر 9010203626 پر رابطہ کریں۔ عوام کو متبادل راستوں کے استعمال اور پولیس کے ساتھ مکمل تعاون کی بھی ہدایت دی گئی ہے۔
حکام نے یاد دلایا کہ گزشتہ سال شبِ معراج کے موقع پر نہرو زولوجیکل پارک سے آرام گھر کی جانب جانے والے منموہن سنگھ فلائی اوور پر ایک افسوسناک حادثہ پیش آیا تھا، جس میں تین کم عمر بچے جاں بحق ہو گئے تھے۔ اسی واقعے کو مدنظر رکھتے ہوئے والدین سے خصوصی اپیل کی گئی ہے کہ وہ اپنے بچوں پر کڑی نظر رکھیں اور انہیں موٹر سائیکل یا گاڑی چلانے کی اجازت ہرگز نہ دیں، کیونکہ ایک لمحے کی لاپرواہی بڑے سانحے کا سبب بن سکتی ہے۔
واضح رہے کہ شبِ معراج کو عام طور پر جاگنے کی رات بھی کہا جاتا ہے اور یہ اسلامی مہینے رجب کی 27ویں شب کو منائی جاتی ہے۔ یہ وہ مقدس رات ہے جب اللہ تعالیٰ نے اپنے محبوب حضرت محمد ﷺ کو مکہ مکرمہ سے بیت المقدس اور پھر آسمانوں کی سیر (معراج) کا شرف عطا فرمایا۔ مسلمان اس رات عبادت، دعا اور اللہ کی قربت کے حصول میں مشغول رہتے ہیں۔
پولیس اور انتظامیہ نے شہریوں سے گزارش کی ہے کہ وہ اس مقدس رات کے احترام کے ساتھ ٹرافک قوانین کی پابندی کریں، اپنی اور دوسروں کی جان کی حفاظت کو ترجیح دیں اور پولیس سے تعاون کرتے ہوئے ایک محفوظ اور پرامن ماحول قائم رکھنے میں اپنا کردار ادا کریں۔