مدینہ بس حادثہ میں اکیلے زندہ بچ جانے والے محمد عبدالشعیب اسپتال سے ڈسچارج
مدینہ منورہ کے قریب پیش آئے افسوس ناک بس حادثے میں محفوظ رہنے والے حیدرآباد کے نوجوان محمد عبدالشعیب کو مکمل طبی معائنے کے بعد مدینہ کے اسپتال سے ڈسچارج کر دیا گیا ہے۔
حیدرآباد: مدینہ منورہ کے قریب پیش آئے افسوس ناک بس حادثے میں محفوظ رہنے والے حیدرآباد کے نوجوان محمد عبدالشعیب کو مکمل طبی معائنے کے بعد مدینہ کے اسپتال سے ڈسچارج کر دیا گیا ہے۔ حادثہ رونما ہونے کے فوراً بعد زخمی اور متاثرہ افراد کو مدینہ کے مختلف اسپتالوں میں منتقل کیا گیا تھا، جہاں شعیب کا بھی تفصیلی معائنہ کیا گیا۔
اسپتال ذرائع کے مطابق حادثے کے دوران محمد عبدالشعیب جسمانی طور پر بڑی چوٹ سے محفوظ رہے، تاہم انہیں شدید خوف اور ذہنی تناؤ کا سامنا ضرور کرنا پڑا۔
اسپتال کے عملے نے مسلسل ان کی حالت پر نظر رکھی اور مکمل نگہداشت فراہم کی۔ ضروری ٹیسٹ اور جانچ کے بعد ڈاکٹروں نے انہیں گھر جانے کی اجازت دے دی۔
ڈسچارج ہونے کے بعد محمد عبدالشعیب نے اہلِ وطن، عزیزوں اور احباب کا دل سے شکریہ ادا کیا جنہوں نے ان کی صحت یابی کے لیے دعا کی۔ ان کا کہنا تھا:
“اللہ کے فضل و کرم اور آپ سب کی دعاؤں سے میں محفوظ ہوں، میری خیریت دریافت کرنے والے سب کا تہہ دل سے شکر گزار ہوں۔”
قابلِ ذکر بات ہے کہ اسپتال سے ڈسچارج ہونے کے بعد محمد عبدالشعیب نے مدینہ منورہ کی زیارت بھی کی اور اب وہ ہر لحاظ سے صحت مند اور پر سکون ہیں۔ ڈاکٹروں نے احتیاط کے طور پر چند روز آرام کا مشورہ دیا ہے۔ وہ اگلے دو سے تین دن میں حیدرآباد واپسی کے لیے روانہ ہوں گے۔