گورنر وں کی جانب سے اختیارات کا بیجا استعمال: سی پی آئی
سی پی آئی کے رکن راجیہ سبھا پی سندوش کمار نے جمعہ کے روز صدر جمہوریہ دروپدی مرمو کو ایک مکتوب روانہ کیا اور اپوزیشن زیراقتدار ریاستوں میں گورنروں کے اختیارات کے بیجا استعمال کا الزام عائد کیا۔

نئی دہلی (پی ٹی آئی) سی پی آئی کے رکن راجیہ سبھا پی سندوش کمار نے جمعہ کے روز صدر جمہوریہ دروپدی مرمو کو ایک مکتوب روانہ کیا اور اپوزیشن زیراقتدار ریاستوں میں گورنروں کے اختیارات کے بیجا استعمال کا الزام عائد کیا۔
کیرالا میں پیش آئے حالیہ واقعہ کا تذکرہ کرتے ہوئے جہاں راج بھون میں ایک تقریب کے دوران ”بھارت ماتا“ کی پورٹریٹ کا استعمال کیا گیا تھا اور جس کے نتیجہ میں ریاستی وزیر نے تقریب کا بائیکاٹ کردیا تھا، کمار نے اپوزیشن زیراقتدار ریاستوں میں گورنروں کی جانب سے اختیارات کے مسلسل بیجااستعمال پر سخت تشویش کااظہار کیا۔
انہوں نے کہا کہ راج بھون میں یوم ماحولیات تقریب کے دوران گورنر کیرالا کے رویہ سے اس کی عکاسی ہوتی ہے جہاں بھارت ماتا کی تصویر کا ایک خاص ورژن ریاستی حکومت سے مشاورت کئے بغیر آویزاں کیا گیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ اس کے نتیجہ میں ریاستی وزیر زراعت پی پرساد کو تقریب کا بائیکاٹ کرنا پڑا۔
یہ دعویٰ کرتے ہوئے کہ یہ تنہاء واقعہ نہیں ہے، سی پی آئی لیڈر نے کہا کہ ہم کیرالا اور ٹاملناڈو جیسی ریاستوں میں ایک پیٹرن دیکھ رہے ہیں جہاں گورنرس سیاسی ایجنٹوں کی طرح کام کررہے ہیں اور راج بھونوں کو آر ایس ایس کی نظریاتی چوکیوں میں تبدیل کررہے ہیں۔ یہ لوگ دستوری اصولوں، وفاقی اصولوں اور منتخبہ جمہوری حکومتوں کے مینڈیٹ کو اہمیت نہیں دیتے۔
انہوں نے الزام لگایا کہ کیرالا میں پیش آئے واقعہ سے علامات اور ناموں (بیجااستعمال کے انسداد) ایکٹ 1950ء اور قومی وقار کی توہین کے انسداد ایکٹ 1971ء کی مبینہ خلاف ورزی ہوئی ہے جہاں قومی علامتوں کو سیاسی اور نسلی مقاصد کیلئے بیجا استعمال کیا گیا۔ بھارت ماتا کی شبیہ دراصل سودیشی تحریک کے دوران رابندر ناتھ ٹیگور نے پیش کی تھی تاکہ مخالف نوآبادیاتی مزاحمت کیلئے اسے متحد کرنے والے نشان کے طور پر استعمال کیا جاسکے۔
حالیہ عرصہ میں ایک تنظیم نے جو اپنی پھوٹ ڈالنے والی سیاست کیلئے شہرت رکھتی ہے، اس میں ترمیم کی ہے اور اسے ایک ہتھیار بنادیا ہے۔ کمار نے الزام لگایا کہ یہ ناقابل قبول ہے کہ ایسی متنازعہ اور ترمیم شدہ علامتوں کو سرکاری تقاریب اور سرکاری اداروں پر مسلط کیا جارہا ہے جس کے نتیجہ میں ہمار ا سماج مزید تقسیم ہوتا جارہا ہے۔
سی پی آئی لیڈر نے صدر جمہوریہ سے اپیل کی کہ وہ اس رجحان کا سنجیدگی کے ساتھ نوٹ لیں اور اس بات کو یقینی بنانے فوری اقدامات کریں کہ گورنرس اپنے دستوری اختیارات سے تجاوز نہ کریں۔ یہاں یہ تذکرہ مناسب ہوگا کہ بھارت ماتا کی ایک تصویر جو عموماً آر ایس ایس کی شاکھاؤں سے وابستہ ہے، جمعرات کے روز ترواننتا پورم میں عالمی یوم ماحولیات کی تقریب میں اس کے استعمال کے سبب ریاستی حکومت نے پروگرام کا بائیکاٹ کیا۔
کیرالا کے وزیر زراعت پی پرساد جنہوں نے تقریب کا بائیکاٹ کیا، کہا کہ ریاستی حکومت بھارت ماتا کا احترام کرتی ہے، لیکن آر ایس ایس کی شاکھاؤں سے تعلق رکھنے والی شبیہ کا راج بھون میں سرکاری تقریب میں استعمال غیردستوری ہے۔ گورنر راجندر وشواناتھن آرلیکر نے راج بھون کی جانب سے جاری کئے گئے ایک بیان میں کہا کہ چاہے کسی بھی گوشہ سے کوئی بھی دباؤ ہو بھارت ماتا پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔