داؤد ابراہیم کی آبائی جائیداد کہلانے والی عمارت پر نیا تنازعہ
امین پٹیل نے ہائی کورٹ کے 2024 اور 2025 کے احکامات کا حوالہ دیتے ہوئے انہدام کی مخالفت کی، وقف ملکیت کے معاملے پر ٹریبیونل میں سماعت جاری
ممبئی (آئی اے این ایس) بریہن ممبئی میونسپل کارپوریشن (بی ایم سی) نے شہر کے بھینڈی بازار علاقہ میں مخدوش مسافر خانہ بلڈنگ کو منہدم کردینے کا حکم جاری کیاہے۔ اس عمارت کو داؤد ابراہیم کی آبائی جائیداد کہاجاتاہے۔
پولیس کے کڑے پہرے میں آج کل میں یہ عمارت ڈھا دی جائے گی۔ اسی دوران کانگریس رکن اسمبلی امین پٹیل نے پر زور مخالفت کرتے ہوئے دعوی کیا کہ ہائیکورٹ نے انہدام کے پچھلے احکام پر روک لگائی تھی۔ انہوں نے یہ بھی کہاکہ یہ جائیداد وقف بورڈ کی ملکیت ہے یا نہیں اس پر وقف ٹریبیونل میں سماعت جاری ہے۔
آئی اے این ایس سے بات چیت میں امین پٹیل نے کہاکہ بی ایم سی نے 2020 کے ہائیکورٹ کے احکام کا حوالہ دیتے ہوئے نوٹس لگائی ہے کہ وہ یہ عمارت ڈھادینا چاہتی ہے۔ میرے پاس 2024 اور 2025 کا آرڈر موجود ہے جس میں ہائیکورٹ نے اس انہدام پر روک لگائی ہے۔ سپریم کورٹ نے کہاہے کہ اگر عمارت مخدوش ہے تو وقف بورڈ کو اس کی مرمت کرانی چاہئے۔
امین پٹیل نے کہاکہ میرے پاس 1944 کی گزٹ کے کاغذات ہیں جن کے مطابق یہ وقف جائیداد ہے۔ بی ایم سی کے 1991 کے کاغذات میں کہاگیاہے کہ یہ مسجد ہے۔
کانگریس قائد نے کہاکہ اگر نظم و ضبط کا کوئی مسئلہ پیدا ہوا تو بی ایم سی ذمہ دار ہوگی۔ مسلمانوں کی بڑی تعداد نے انہدام کے احکامات کی مخالفت کی ہے۔ امین پٹیل نے کہاکہ کل ساری رات لوگوں نے مسجد کے اندر قیام کیا۔لوگ مسجد چھوڑ کر جانے والے نہیں۔ وہ اپنی مسجد کے لیے اپنی جانیں دیں گے۔