ایودھیا ہوئی ہماری، اب متھرا کی باری:کیشو پرساد موریہ
ڈپٹی چیف منسٹر کیشو پرساد موریہ نے 2027 کے اسمبلی انتخابات میں کرشن جنم بھومی پر عالیشان مندر کی تعمیر کو بڑا مسئلہ قرار دیا، درخواست گزار دنیش شرما نے بیان کا خیرمقدم کیا۔
متھرا۔ (آئی اے این ایس) کرشنا جنم بھومی کیس کے ایک درخواست گزار دنیش شرما نے منگل کے دن اترپردیش کے ڈپٹی چیف منسٹر کیشو پرساد موریہ کے متھرا میں عالیشان مندر کی تعمیر سے متعلق ریمارکس کا خیر مقدم کیا۔ موریہ نے کہا تھا کہ متھرا میں کرشن جنم بھومی پر عالیشان مندر کی تعمیر 2027 کے یوپی اسمبلی الیکشن میں بڑا مسئلہ بن کر ابھرے گی۔
انہوں نے ایودھیا کے رام مندر کے حوالہ سے کہا تھا ”ایودھیا ہوئی ہماری، اب متھرا کی باری“۔ انہوں نے اشارہ دیا کہ اب توجہ متھرا پر مرکوز ہوگی۔ انہو ں نے یہ بھی کہا تھا کہ کرشن جنم بھومی پر مندر عدالتی اور قانونی طریقہ سے بنے گا یا باہمی بات چیت کے ذریعہ۔ ڈپٹی چیف منسٹر کے بیان کے حوالہ سے دنیش شرما نے کہا کہ متھرا میں مندر کی تعمیر کی بات ہورہی ہے۔
کیشو موریہ بھی اس کی تائید کرچکے ہیں۔ توقع ہے کہ دیگر قائدین بھی اس کی تائید کریں گے۔ سناتن روایت کے ماننے والوں کا 500سالہ خواب ایودھیا میں پورا ہوگیا۔ اب ہماری خواہش ہے کہ متھرا کا خواب بھی حقیقت بن جائے۔
انہوں نے یادو برادری سے کہا کہ وہ آگے آئے اور کرشن جنم بھومی کو آزاد کرانے کا مطالبہ کرے۔ یادو برادری نے اگر کرشن جنم بھومی مندر کے لئے اپنی آواز اٹھائی تو سارے کرشن بھکت اس کے ساتھ کھڑے ہوں گے۔