قومی

واٹس ایپ استعمال کرنے والوں کیلئے خطرہ کی گھنٹی، حکومت نے کیوں کیا خبردار؟

حکومت کی سائبر ایڈوائزری میں دفتری اور مشترکہ کمپیوٹروں پر واٹس ایپ ویب استعمال کرنے سے گریز کا مشورہ، ہر بار استعمال کے بعد لاگ آؤٹ کرنے اور نجی پیغامات کی حفاظت پر توجہ دینے کی ہدایت۔

نئی دہلی: حکومت نے واٹس ایپ واٹس ایپ استعمال کرنے والوں کو خبردار کیا ہے کہ واٹس ایپ ویب کا استعمال احتیاط سے کریں، کیونکہ کمپیوٹر پر لاگ اِن رہ جانے والا واٹس ایپ اکاؤنٹ غیر مجاز افراد کے ہاتھ لگ سکتا ہے۔ اس کے ذریعہ صارفین کے نجی پیغامات پڑھے جا سکتے ہیں، ان کے نام سے دوسروں کو پیغامات بھیجے جا سکتے ہیں اور ان کے رابطوں اور گروپ چیٹس تک رسائی حاصل کی جا سکتی ہے۔

انڈین سائبر کرائم کوآرڈینیشن سنٹر کے نیشنل سائبر کرائم تھریٹ اینالیٹکس یونٹ نے 18 نومبر کو جاری کردہ ایک ایڈوائزری میں یہ انتباہ دیا ہے۔ اس میں کہا گیا ہے کہ واٹس ایپ ویب کے ذریعہ ہونے والی غیر مجاز رسائی کو آن لائن دھوکہ دہی، جعلی پیغامات اور دیگر سائبر جرائم کے لیے استعمال کیا جا سکتا ہے۔

ایڈوائزری میں صارفین کو مشورہ دیا گیا ہے کہ واٹس ایپ ویب کو کمپیوٹر پر مستقل لاگ اِن نہ رکھیں، خاص طور پر دفتری یا مشترکہ کمپیوٹر استعمال کرتے وقت زیادہ احتیاط برتیں۔ ہر مرتبہ استعمال کے بعد اکاؤنٹ سے باقاعدہ لاگ آؤٹ کریں۔ صرف براؤزر کی ونڈو یا ٹیب بند کردینا لاگ آؤٹ کرنے کے برابر نہیں ہے۔

سائبر یونٹ نے یہ بھی مشورہ دیا ہے کہ اگر واٹس ایپ ویب استعمال کرنا ضروری ہو تو انکوگنیٹو(Incognito) یا پرائیویٹ براؤزنگ موڈ کا استعمال کریں۔ تاہم، اس سہولت کو اضافی احتیاط قرار دیا گیا ہے۔ صارفین کو سائبر کیفے، ہوٹلوں کے کمپیوٹر، عوامی کمپیوٹر اور دوسروں کے زیر استعمال آلات پر واٹس ایپ لاگ اِن کرنے سے گریز کرنا چاہیے۔

سرکاری اور حساس کام انجام دینے والے اداروں کو بھی مشورہ دیا گیا ہے کہ دفتری کمپیوٹروں پر واٹس ایپ ویب استعمال نہ کریں۔

ایڈوائزری میں صارفین سے کہا گیا ہے کہ وہ اپنے واٹس ایپ اکاؤنٹ کی سرگرمیوں پر نظر رکھیں۔ اگر ان کے اکاؤنٹ سے کوئی ایسا پیغام بھیجا جائے جس کے بارے میں انہیں علم نہ ہو یا رابطوں کی جانب سے غیر معمولی جوابات موصول ہوں تو فوری طور پر احتیاطی اقدامات کریں۔

اس کے علاوہ موبائل، کمپیوٹر اور براؤزر کو تازہ ترین ورژن پر رکھنے، مشتبہ فائلیں ڈاؤن لوڈ نہ کرنے اور غیر معتبر ویب سائٹس سے سافٹ ویئر حاصل کرنے سے گریز کرنے کی بھی ہدایت دی گئی ہے۔

واضح رہے کہ انڈین سائبر کرائم کوآرڈینیشن سنٹر مرکزی وزارت داخلہ کے تحت قائم کیا گیا ہے۔ اس کا مقصد ملک میں سائبر جرائم سے نمٹنے کے لیے مختلف قانون نافذ کرنے والے اداروں کے درمیان تال میل قائم کرنا اور سائبر جرائم پر قابو پانے کے لیے اقدامات کرنا ہے۔