’میری حالت بگڑتی جارہی ہے، عنقریب دیہانت ممکن‘
مغربی بنگال کے وزیرجیوتی پریہ ملک جنہیں راشن ڈسٹری بیوشن اسکام کیس میں انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ کی جانب سے گرفتارکرلیاگیا ہے‘ آج یہاں ادعا کیاہے کہ ان کی صحت ٹھیک نہیں ہے اور وہ طویل عرصہ تک زندہ نہیں رہیں گے۔

کولکتہ: مغربی بنگال کے وزیرجیوتی پریہ ملک جنہیں راشن ڈسٹری بیوشن اسکام کیس میں انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ کی جانب سے گرفتارکرلیاگیا ہے‘ آج یہاں ادعا کیاہے کہ ان کی صحت ٹھیک نہیں ہے اور وہ طویل عرصہ تک زندہ نہیں رہیں گے۔
وزیرنے اپنے ان تاثرات اور احساسات کا اظہار اس وقت کیا جبکہ انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ کے حکام کی جانب سے انہیں سالٹ لیک آفس میں لایاگیا جوکہ کولکتہ کے شمالی علاقہ میں واقع ہے۔
سرکاری ذرائع نے بتایاہے کہ یہاں سے جیوتی پریہ کو طبی معائنے کے لئے یہاں لایاگیا ہے اور ڈیفینس کے زیراہتمام چلائے جانے والے دواخانہ میں ان کا علاج کیاجارہا ہے۔ جیوتی پریہ ملک نے کہا کہ میری صحت انتہائی خراب ہوتی جارہی ہے اور عنقریب میرا دیہانت ہوجائے گا۔
جیوتی پریہ مغربی بنگال میں وزیرجنگلات کی حیثیت سے خدمات انجام دے رہے ہیں۔ انہیں جب انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ کے دفتر کو لایاگیا اس وقت ان کے ساتھ ایجنسی کے دو عہدیدار بھی موجود تھے جو سہارادے کر انہیں لارہے تھے۔
انہوں نے راشن کی تقسیم سے متعلق اسکام کے تعلق سے تبصرہ کرنے سے انکارکردیا اور کہا کہ عنقریب ان کا دیہانت ہوجائے گا۔ 48گھنٹوں کے دوران یہ دوسری مرتبہ ہے کہ گرفتارشدہ وزیر نے اپنی بگڑتی ہوئی صحت کے تعلق سے خدشات کا اظہارکیا ہے۔
10 اکتوبر کو بھی انہیں ای ڈی کے عہدیداروں کی جانب سے کمانڈ ایریا ہاسپٹل کو لایاگیاتھا۔ انہوں نے ادعا کیاکہ ان کی صحت بگڑتی جارہی ہے اور ان کے ہاتھ پیر مفلوج ہوتے جارہے ہیں۔ میں انتہائی کمزورہوگیا ہوں۔