میرے شوہر کا گریباں پکڑا گیا، ایم پی ہونے کا لحاظ بھی نہیں کیا
بنڈی سنجے کی بیوی اپرنا نے بتایا کہ پولیس نے اچانک ان کے گھر پہنچ کر یہ کارروائی کی اور اور ان کے شوہر سنجے کو گرفتار کر لیا۔انہوں نے برہمی کا اظہار کیا کہ عوامی نمائندے کی گرفتاری میں معیارات پر عمل نہیں کیا گیا۔
حیدرآباد: تلنگانہ بی جے پی کے صدر بنڈی سنجے جن کو کل شب پولیس نے ڈرامائی واقعات کے درمیان کریم نگر ضلع سے گرفتار کیا کی بیوی اپرنا نے پولیس پر شدید نکتہ چینی کرتے ہوئے کہا کہ ایم پی ہونے کا بھی لحاظ نہیں کیاگیا اور ان کے شوہر کا گریباں پکڑا گیا۔
ان کی بیوی اپرنا نے بتایا کہ پولیس نے اچانک ان کے گھر پہنچ کر یہ کارروائی کی اور اور ان کے شوہر سنجے کو گرفتار کر لیا۔انہوں نے برہمی کا اظہار کیا کہ عوامی نمائندے کی گرفتاری میں معیارات پر عمل نہیں کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ بدامنی کا ماحول بنایاگیا ہے۔
انہوں نے سنجے کی گرفتاری کے سلسلہ میں پولیس کے طریقہ کار پر اپنے دکھ کا اظہار کیا۔انہوں نے کہاکہ جب پولیس سے ان کے شوہر کی گرفتاری کے وارنٹ کے بارے میں پوچھا گیا تو پولیس نے نامناسب رویہ اختیار کیا۔ پولیس نے ان کے بیمار شوہر کو گولیاں دینے کی بھی اجازت نہیں دی اور عجلت میں ہی ان کو گرفتار کرلیاگیا۔
انہوں نے کہا کہ ان کی ماں جن کی موت ہوگئی تھی کی 9ویں کی رسم جاری تھی کہ پولیس نے یہ کارروائی کی۔ان کا دعوی ہے کہ اس کارروائی کے دوران بنڈی سنجے زخمی ہوگئے۔ کم از کم انہیں پانی تک نہیں دیا گیا۔