این ڈی اے کی میٹنگ میں شرکت کے بعد نائیڈو نے لیا یہ بڑا فیصلہ
نئی حکومت کی تشکیل کے سلسلہ میں آج دہلی میں این ڈی اے کی میٹنگ میں شرکت کے بعد تلگودیشم پارٹی سربراہ چندرابابو نائیڈو نے زور دے کر کہا کہ ان کی پارٹی این ڈی کے ساتھ ہے۔

نئی دہلی: نئی حکومت کی تشکیل کے سلسلہ میں آج دہلی میں این ڈی اے کی میٹنگ میں شرکت کے بعد تلگودیشم پارٹی سربراہ چندرابابو نائیڈو نے زور دے کر کہا کہ ان کی پارٹی این ڈی کے ساتھ ہے۔
انہوں نے سوال کیا کہ اس اتحاد کا حصہ بنا بغیر کس طرح الیکشن میں مقابلہ کیا جاسکتا ہے۔ بی جے پی کی سرکردہ قیادت کے ساتھ میٹنگ کے بعد نائیڈو نے بتایا کہ یہ ایک اچھی میٹنگ تھی۔
این ڈی اے کا حصہ ہونے کے بارے میں سوال کئے جانے پر انہوں نے کہا کہ اگر ہم این ڈی اے کا حصہ نہیں ہیں تو کس طرح الیکشن میں مقابلہ کرسکتے ہیں۔
واضح رہے کہ این ڈی اے قائدین نے وزیراعظم نریندرمودی کی قیامگاہ پر منعقدہ میٹنگ میں متفقہ طور پر ایک قرارداد منظور کی جس میں انہوں نے وزیراعظم کو اپنا لیڈر منتخب کیا۔
اس میٹنگ میں بی جے پی صدر جے پی نڈا، بی جے پی قائدین امیت شاہ اور راج ناتھ سنگھ، بی جے پی کی حلیف جماعتیں بشمول جنتادل یو کے صدر نتیش کمار، تلگودیشم پارٹی (ٹی ڈی پی) کے صدر این چندرابابونائیڈ، شیوشینا صدر ایکناتھ شنڈے، جنتادل ایس لیڈر ایچ ڈی کماراسوامی، جناسینا پارٹی کے صدر پون کلیان، لوک جن شکتی پارٹی (رام ولاس) کے صدر چراغ پاسوان اور نیشنلسٹ کانگریس پارٹی کے لیڈر پرفل پٹیل اور دیگر نے شرکت کی۔
این ڈی اے کی میٹنگ میں چندرابابونائیڈو اور نتیش کمار کی شرکت ایک اہم قدم ہے کیونکہ تشکیل حکومت کے لئے ان دونوں جماعتوں کی تائید بی جے پی کے لئے انتہائی اہمیت کی حامل ہے۔
اس مرتبہ بی جے پی سادہ اکثریت کے نشان 272 سے 32 سیٹیں کم حاصل کرسکیں۔اسے تشکیل حکومت کے لئے اپنی حلیف جماعتوں پر انحصار کرنا پڑے گا۔