امریکہ و کینیڈا

امریکہ کے شہر بوسٹن میں نلگنڈہ کی طالبہ لاپتہ، والدین پریشان

سریجا، یداگیری ریڈی اور روپا کی بیٹی ہے اور ضلع نلگنڈہ کے کنگل منڈل کے موضع شبدا لاپورم کی رہنے والی ہے۔ وہ اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے کے لیے امریکہ کے شہر بوسٹن گئی تھی، جہاں کالج میں تعلیم کے ساتھ جزوقتی ملازمت بھی کر رہی تھی۔

نلگنڈہ: تلنگانہ کے ضلع نلگنڈہ سے تعلق رکھنے والی 23 سالہ طالبہ سریجا امریکہ کے شہر بوسٹن میں لاپتہ ہو گئی، جس کے بعد اس کے والدین شدید پریشانی میں مبتلا ہیں۔

سریجا، یداگیری ریڈی اور روپا کی بیٹی ہے اور ضلع نلگنڈہ کے کنگل منڈل کے موضع شبدا لاپورم کی رہنے والی ہے۔ وہ اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے کے لیے امریکہ کے شہر بوسٹن گئی تھی، جہاں کالج میں تعلیم کے ساتھ جزوقتی ملازمت بھی کر رہی تھی۔

خاندانی ذرائع کے مطابق سریجا رواں ماہ کی 2 تاریخ کو چہل قدمی کے لیے باہر گئی تھی، لیکن واپس نہیں لوٹی۔ اس کے دوستوں نے والدین کو اطلاع دی کہ اس کے موبائل فون کی لوکیشن قریبی ساحلی علاقے کے پاس دکھائی دے رہی ہے۔

اس کے بعد سے سریجا کے بارے میں کوئی مصدقہ اطلاع نہیں ملی، جس کے باعث اہل خانہ اور دوستوں میں تشویش بڑھ گئی ہے۔

سریجا اپنے والدین کی اکلوتی اولاد ہے۔ بیٹی کے لاپتہ ہونے پر والدین کا رو رو کر برا حال ہے اور وہ اس کی خیریت اور واپسی کے منتظر ہیں۔

اس واقعے سے شبدا لاپورم گاؤں اور ضلع نلگنڈہ کے عوام میں بھی تشویش پائی جاتی ہے۔ اہل خانہ کو امید ہے کہ متعلقہ حکام کی کوششوں سے سریجا کا جلد پتہ چل جائے گا۔