دفتر سٹی پولیس کمشنریٹ کو شہر کے قلب میں منتقل کرنے کی ضرورت
اس دفتر کو بنجارہ ہلز کے پولیس کمانڈ کنٹرول کی جدید ترین عمارت میں منتقل کردیا گیا تاہم دانشوروں کا کہنا ہے کہ ڈائرکٹر جنرل پولیس کے دفتر کی طرح دفتر سٹی پولیس کمشنریٹ کو شہر کے وسط کی عمارت میں ہونا چاہئے۔
حیدرآباد: عام افراد کو دفتر حیدرآباد سٹی پولیس کمشنریٹ تک رسائی کو سہل اور یقینی بنانے کے لئے اس دفتر کو شہر کے قلب میں منتقل کرنا چاہئے۔ دور دراز مقام پر دفتر سٹی پولیس کمشنر کو کارکرد بنانے سے شہر کے دوسرے مقامات کے ضرورت مند افراد کو کمشنر سٹی پولیس تک رسائی نہیں ہوپارہی ہے۔
عوام کے مطالبات پر غور کرتے ہوئے ریاست کی کانگریس حکومت‘ دفتر پولیس کمشنر کو بنجارہ ہلز سے شہر کے قلب میں موزوں مقام منتقل کرنے پر سوچ رہی ہے۔ فی الحال دفتر سٹی پولیس کمشنر‘ پولیس کمانڈ کنٹرول بنجارہ ہلز میں کام کررہا ہے۔ ابتداء میں کمشنر پولیس کا آفس پرانی حویلی میں واقع تھا۔
اس کے بعد اس آفیس کو بشیر باغ چورہا کی نئی عمارت میں منتقل کیا گیا۔ تاہم یہاں عمارت کو خطرہ بتایا گیا تھا۔ یہاں سے اس دفتر کو بنجارہ ہلز کے پولیس کمانڈ کنٹرول کی جدید ترین عمارت میں منتقل کردیا گیا تاہم دانشوروں کا کہنا ہے کہ ڈائرکٹر جنرل پولیس کے دفتر کی طرح دفتر سٹی پولیس کمشنریٹ کو شہر کے وسط کی عمارت میں ہونا چاہئے۔
دوسری بات یہ دفتر چندرائن گٹہ سے تقریباً 16 تا 18 کیلو میٹر کی مسافت پر ہے۔ عام شہری کس طرح کمشنر آفس تک رسائی کرسکتے ہیں؟ ٹرافک کے مسائل کے سبب عام افراد متعلقہ عہدیدار یا کمشنر پولیس سے ملاقات کرنے سے قاصر ہیں۔
یہ بات موضوع بحث بنی ہوئی ہے کہ سٹی کمشنر پولیس کا آفس کافی دور بنجارہ ہلز میں تعمیر کردیا گیا ہے۔ سابق حکمراں جماعت نے اپنے پارٹی ہیڈ کوارٹر کے قریب پولیس کمانڈ کنٹرول تعمیر کیا تھا۔ لہذا سٹی کمشنر کے آفس کو شہر کے درمیان میں کہیں ایک موزوں مقام پر منتقل کرنا ضروری ہے۔