تعلیم و روزگار

نیٹ 2024 میں 6 مسلم طلبا کو پہلا رینک، اردو میڈیم طالبہ آمنہ عارف اور پھل فروش کی بیٹی کہکشاں پروین نے کر دکھایا کارنامہ

ممبئی کی رہنے والی آمنہ عارف کڑی والا اور جمشید پور کی کہکشاں پروین نے NEET UG 2024 امتحان میں آل انڈیا رینک ون حاصل کرتے ہوئے ایک شاندار کارنامہ کر دکھایا ہے جس سے نہ صرف ان کے والدین بلکہ قوم و ملت کا سر فخر سے بلند ہوگیا ہے۔

ممبئی: ممبئی کی رہنے والی آمنہ عارف کڑی والا اور جمشید پور کی کہکشاں پروین نے NEET UG 2024 امتحان میں آل انڈیا رینک ون حاصل کرتے ہوئے ایک شاندار کارنامہ کر دکھایا ہے جس سے نہ صرف ان کے والدین بلکہ قوم و ملت کا سر فخر سے بلند ہوگیا ہے۔

متعلقہ خبریں
نیٹ اور ایمسٹ کی مختصر مدتی کوچنگ
جاروب کش کی بیٹی کو ایم بی بی ایس میں داخلہ
کوٹا میں ایک اور کوچنگ طالبہ کی خودکشی
نیٹ/ایمسٹ۔ 2023 کوچنگ برائے اقلیتی طبقات

دونوں نے معاشی تنگی اور اردو زبان کی کم مائیگی کا رونا رونے والوں کے لئے ایک مثال بھی قائم کی ہے کہ سخت محنت اور لگن سے بڑے سے بڑا مقصد بھی حاصل کیا جاسکتا ہے۔

دونوں نے نیٹ انٹرنس امتحان میں 720 میں سے 720 نشانات حاصل کرتے ہوئے قومی سطح پر پہلا رینک حاصل کیا ہے۔  

بتایا گیا ہے کہ ایم بی بی ایس کی تعلیم حاصل کرنے کی خواہشمند آمنہ کڑی والا نے دسویں جماعت تک اردو میڈیم سے تعلیم حاصل کی اور پھر ایس وی کے ایم کے متھی بائی کالج میں داخلہ لیا تھا۔ انہوں نے اپنی اسکولی تعلیم مدنی ہائی اسکول، جوگیشوری سے مکمل کی۔

20 سالہ ٓمنہ عارف نے انکشاف کیا کہ ابتدائی طور پر یہ ان کے لئے ایک چیلنج تھا کیونکہ وہ انگریزی میں کمزور تھیں لیکن آہستہ آہستہ انہوں نے انگریزی سیکھی اور امتحان میں کامیابی حاصل کی۔

اپنی کامیابی پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے آمنہ نے کہا کہ میں بہت بہت خوش ہوں۔ مجھے میری محنت کا صلہ ملا ہے۔

اسکول پرنسپل نے بتایا کہ یہ دیکھ کر خوشی ہوئی کہ آمنہ کو کس طرح ایکسلنٹ ماسٹر اکیڈمی اور اس کے اسکول مدنی ہائی اسکول میں اس کے اساتذہ سے تعاون حاصل ہوا جس میں اس کے پرنسپل عامر انصاری کی حوصلہ افزائی بھی شامل ہے۔

آمنہ عارف کڑی والا ایمس دہلی میں ایم بی بی ایس کرنے کی خواہاں ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ وہ اپنے دن کی شروعات فجر کی نماز سے کرتی تھیں۔ اس کے فوری بعد اپنے پچھلے اسباق کا اعادہ کرنے کے بعد کوچنگ کے لئے روانہ ہوجاتی تھیں۔ شام 6 بجے واپسی کے بعد پھر 5 تا 6 چھ گھنٹے پڑھائی کرتی تھیں۔

دوسری طرف جھارکھنڈ کے جمشید پور کی رہنے والے کہکشاں پروین نے بھی نیٹ 2024 میں آل انڈیا رینک ون حاصل کرتے ہوئے ایک کارنامہ کر دکھایا ہے۔ ان کے والد ایک پھل فروش ہیں جن کا نام محمد عباس بتایا جاتا ہے۔

کہکشاں پروین عرف مسکان نے اپنی ابتدائی تعلیم گووند ودیالیہ، تمولیا، جمشید پور سے مکمل کی تھی۔ بارہویں کی پڑھائی ڈی اے وی کالج سے پوری کی اور اس کے بعد نیٹ کی تیاری میں جٹ گئیں۔

کہکشاں پروین نے اپنی کامیابی کا سہرا اپنے والدین اور بھائیوں ظفر اور اظہر کے سر باندھا ہے اور کہا ہے کہ ان کے تعاون اور مدد کے بغیر وہ یہ کارنامہ نہیں کرپاتی۔

واضح رہے کہ ملک بھر کی 48 ہزار ایم بی بی ایس نشستوں پر داخلہ کے لئے 24 لاکھ طلبا نے نیٹ امتحان میں شرکت کی تھی اور 24 لاکھ طلبا میں پہلا رینک حاصل کرنا آسان کام نہیں ہے۔

یہ امتحان منعقد کرنے والے مرکزی ادارے نیشنل ٹسٹنگ ایجنسی نے اس مرتبہ 67 طلبا کو پہلا رینک عطا کیا ہے۔ ان میں 6 مسلمان طلبا شامل ہیں جنہوں نے قومی سطح پر پہلا رینک حاصل کیا ہے۔

ان طلبا میں ممبئی کی آمنہ عارف کڑی والا اور جمشید پور کی کہکشاں پروین کے علاوہ ممبئی کی ہی ایک لڑکی امیمہ ملبری بنت ڈاکٹر عقیل ملبری، راجستھان کی طالبہ ارم قاضی، تامل ناڈو کے سید عارفین یوسف اور بہار کے معاذن منصور شامل ہیں۔