دہلی

این آئی اے عہدیدار رشوت کی رقم کے ساتھ گرفتار۔ سی بی آئی کی کارروائی (ویڈیو)

سی بی آئی نے آج پٹنہ میں تعینات این آئی اے کے ایک ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ آف پولیس اور دیگر 2 درمیانی افراد کو گرفتار کرلیا۔ اُن پر الزام ہے کہ انہوں نے ایک شخص کے خلاف جاری تحقیقات میں فائدہ پہنچانے 20 لاکھ روپے کی رشوت قبول کی۔

نئی دہلی: سی بی آئی نے آج پٹنہ میں تعینات این آئی اے کے ایک ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ آف پولیس اور دیگر 2 درمیانی افراد کو گرفتار کرلیا۔ اُن پر الزام ہے کہ انہوں نے ایک شخص کے خلاف جاری تحقیقات میں فائدہ پہنچانے 20 لاکھ روپے کی رشوت قبول کی۔

متعلقہ خبریں
بہار کو خصو صی موقف کے مطالبہ پر بحث تکرار
پٹنہ میں اپوزیشن اتحاد کا شاندار مظاہرہ
بہار میں راجیہ سبھا کی 6 نشستوں کے لئے اعلامیہ جاری
آیا کمار گیا کمار، چیف منسٹر بہار پر جئے رام رمیش کا طنز
سیاست میں دروازے، ہمیشہ بند نہیں ہوتے : بی جے پی قائد مودی

سی بی آئی کو رامیا کنسٹرکشن نامی ایک کمپنی سے شکایت موصول ہوئی تھی کہ ڈپٹی ایس پی اجئے پرتاب سنگھ ان کے خاندان کو جھوٹے کیسس میں پھنسانے کی دھمکی دیتے ہوئے ان سے جبری طور پر رقم وصول کررہے ہیں۔ قومی تحقیقاتی ایجنسی (این آئی اے) نے 19 ستمبر کو یادو کے گھر پر دھاوا کیا تھا اور ان سے کہا تھا کہ وہ 26 ستمبر کو اجئے پرتاپ کے روبرو پوچھ تاچھ کے لئے حاضر ہو جو اس کیس کے تحقیقاتی عہدیدار تھے۔

بتایا جاتا ہے کہ سنگھ نے جو محکمہ انکم ٹیکس سے این آئی اے میں تعینات کئے گئے ہیں، یادو کو دھمکی دی اور ڈھائی کروڑ روپے رشوت کا مطالبہ کیا تاکہ انہیں نتائج سے بچنے میں مدد کرسکیں۔ یادو نے اس مطالبہ کو قبول کرلیا تاکہ اپنے خاندان کو جھوٹے الزامات سے بچا سکیں۔

ملزم ڈپٹی ایس پی نے شکایت گزار سے کہا کہ وہ 26 ستمبر کو (پوچھ تاچھ کے دن) 25 لاکھ روپے کی ابتدائی رقم ادا کریں۔ ڈپٹی ایس پی نے انہیں درمیانی شخص کا موبائل نمبر ایک تحریری نوٹ کے ذریعہ دیا۔ بعدازاں شکایت گزار نے 25لاکھ روپے کا انتظام کرلیا اور اپنے رشتہ دار سے کہا کہ وہ مذکورہ موبائل نمبر پر فون کرنے کے بعد یہ رقم پہنچادے۔

سی بی آئی کے ایک ترجمان نے بتایا کہ یہ رقم ڈپٹی ایس پی کو پہنچادی گئی جو بہار کے اورنگ آباد پہنچے تھے۔ سی بی آئی نے الزام لگایا کہ اجئے پرتاپ سنگھ یہ واقعہ جس دن پیش آیا، اُس دن 11:30 بجے ایک اور مبینہ درمیانی شخص کے ساتھ ربط میں تھے، جو اورنگ آباد بہار میں موجود تھا اور انہیں رشوت کی رقم کی اطلاع فراہم کررہا تھا۔

سنگھ نے ایک بار پھر یکم اکتوبر کو یادو کو طلب کیا اور اُن سے 70 لاکھ روپے رشوت دینے کا مطالبہ کیا۔ یادو کو ہدایت دی گئی کہ وہ آدھی رقم اسی دن پٹنہ میں ادا کردیں۔ سی بی آئی نے بتایا کہ ملزم ڈپٹی ایس پی نے ایک بار پھر یادو کو اپنے ہاتھ سے تحریر کردہ ایک نوٹ حوالے کیا، جس پر موبائل نمبر تحریر تھا۔

بعدازاں شکایت گزار نے مذکورہ نمبر پر فون کیا اور رقم کا انتظام کرنے کے لئے مہلت مانگی۔ انہوں نے تیقن دیا کہ 3 اکتوبر کو گیا میں رقم ادا کردی جائے گی۔ سی بی آئی نے اس واقعہ کے بارے میں این آئی اے کے سینئر عہدیدار کو تفصیلات سے واقف کروایا اور موصولہ اطلاعات کی توثیق کرنے کے بعد این آئی اے کے ساتھ مل کر جال بچھایا۔

a3w
a3w