دنیا کی کوئی طاقت ملک کو 2047 تک ترقی یافتہ ملک بننے سے نہیں روک سکتی: مکیش امبانی
امبانی نے گجرات کے ساتھ اپنے تعلقات پر روشنی ڈالی اور کہا کہ گجرات خود 2047 تک تین لاکھ کروڑ ڈالر کی معیشت بن جائے گا، جو ہندوستان کی معیشت کے حجم سے قدرے کم ہوگی۔
گاندھی نگر: ملک کے سب سے امیر کاروباری اور ریلائنس انڈسٹریز گروپ کے سربراہ مکیش امبانی نے چہارشنبہ کے روز کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی نے امرتکال میں (2047 تک) ہندوستان کو ایک ترقی یافتہ ملک بنانے کی مضبوط بنیاد رکھ دی ہے اور کوئی بھی طاقت اس وقت تک ملکی معیشت کو 35 لاکھ کروڑ ڈالر کی معیشت بننے سے نہیں روک سکتی۔
امبانی وائبرنٹ گجرات کانفرنس کے افتتاحی اجلاس سے خطاب کر رہے تھے، جس میں مودی بھی موجود تھے۔ اس موقع پر امبانی نے گجرات کے ساتھ اپنے تعلقات پر روشنی ڈالی اور کہا کہ گجرات خود 2047 تک تین لاکھ کروڑ ڈالر کی معیشت بن جائے گا، جو ہندوستان کی معیشت کے حجم سے قدرے کم ہوگی۔
ریلائنس گروپ کے سربراہ نے کہا، "آنے والی نسل یقینی طور پر قوم پرست اور بین الاقوامی دونوں ہونے کے لئے وزیر اعظم مودی کی شکر گزار ہو گی ۔ آپ نے ایک ترقی یافتہ ہندوستان کی مضبوط بنیاد رکھ دی ہے، دنیا کی کوئی طاقت ہندوستان کو 2047 تک 35 ٹریلین ڈالر کی معیشت بننے سے نہیں روک سکتی۔
اس وقت تک صرف گجرات ہی تین ٹریلین ڈالر کی معیشت ہو جائے گا۔ مجھے اس پر پورا بھروسہ ہے، ہر گجراتی کو اس پر بھروسہ ہے، ہر ہندوستانی کو اس پر بھروسہ ہے۔
امبانی نے کہا، ’’مودی دور ہندوستان کو خوشحالی، ترقی اور شان کی نئی بلندیوں پر لے جائے گا۔‘‘ ریلائنس گروپ کے سربراہ نے کہا کہ ریلائنس اگلے 10 برسوں تک سبز توانائی کے شعبے میں سرمایہ کاری جاری رکھے گی۔
ریلائنس 2030 تک گجرات کی سبز توانائی کی کھپت کا تقریباً نصف پیداوار کرے گا۔ اس کا اعلان ریلائنس انڈسٹریز کے چیئرمین مکیش امبانی نے وائبرینٹ گجرات گلوبل سمٹ 2024 میں کیا۔
انہوں نے کہا کہ گجرات سبز ترقی میں عالمی رہنما کے طور پر ابھرے اس کے لیے ریلائنس نے جام نگر میں پانچ ہزار ایکڑ پر دھیرو بھائی امبانی گرین انرجی گیگا کمپلیکس کی تعمیر شروع کردی ہے۔
امبانی نے کہا، "اس سے بڑی تعداد میں سبز ملازمتیں پیدا ہوں گی اور سبز مصنوعات اور مواد کی پیداوار ممکن ہوگی جس سے گجرات سبز مصنوعات کا ایک سرکردہ برآمد کنندہ بن جائے گا،”
گجرات کو اپنی مادر وطن اور کام کی جگہ بتاتے ہوئے مسٹر امبانی نے کہا کہ پچھلے 10 برسوں میں ریلائنس نے ملک میں تقریباً 12 لاکھ کروڑ روپے کی سرمایہ کاری کی ہے اور اس سرمایہ کاری کا ایک تہائی سے زیادہ حصہ صرف گجرات میں کیا گیا ہے۔ ریلائنس سات کروڑ گجراتیوں کے خوابوں کو پورا کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑے گا۔