ایشیاء

پاکستان میں بڑا حملہ ناکام بنا دیا گیا، ملک بھر سے 34 دہشت گرد گرفتار

پاکستان کے صوبہ پنجاب میں نفاذ ِ قانون ایجنسیوں کی جانب سے ایک بڑے دہشت گرد حملہ کو ناکام بناتے ہوئے کم ازکم 34 دہشت گردوں کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔

لاہور (پی ٹی آئی) پاکستان کے صوبہ پنجاب میں نفاذ ِ قانون ایجنسیوں کی جانب سے ایک بڑے دہشت گرد حملہ کو ناکام بناتے ہوئے کم ازکم 34 دہشت گردوں کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔

انسدادِ دہشت گردی ڈپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) نے اپنے ایک بیان میں بتایا کہ گرفتار کئے گئے بیشتر انتہاپسندوں کا تعلق ممنوعہ تحریک ِ طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) گروپ سے ہے۔ ان میں سے 3 کو ”انتہائی خطرناک دہشت گرد“ قراردیا گیا ہے۔

بیان میں کہا گیا کہ جاریہ ہفتہ کے دوران ریاست کے مختلف اضلاع میں خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر 415 کارروائیاں کی گئیں اور 34 دہشت گردوں کو گرفتار کرلیا گیا۔ اس میں کہا گیا کہ دہشت گردوں نے صوبہ میں نفاذ ِقانون اداروں اور اہم عمارتوں کو نشانہ بنانے کا منصوبہ تیار کیا تھا۔

انہیں لاہور‘ راولپنڈی‘ گجراں والا‘ جہلم‘ بہاولپور‘ ساہیوال‘ نرووال‘ پاک پٹن‘ بہاول نگر‘ قصور‘ بخارا اور ننکانہ صاحب کے مختلف مقامات سے گرفتار کیا گیا۔ ان کے منصوبوں کو ناکام بنادیا گیا۔ ان میں سے 3 انتہائی خطرناک دہشت گرد ہیں اور پولیس کو مطلوب تھے۔

بیان میں کہا گیا کہ ان کے قبضہ سے 5841 گرام دھماکو مادے‘ 19 ڈیٹونیٹرس‘ 51 فیٹ سیفٹی فیوز وائر‘ ہینڈ گرینیڈس اور ممنوعہ لٹریچر برآمد کیا گیا۔ سی ٹی ڈی نے بتایا کہ اس نے دہشت گردوں کے خلاف 23کیس درج کئے ہیں اور اس معاملہ کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔