حیدرآباد۔ ڈیجیٹل ادائیگیاں آج ہماری روزمرہ زندگی کا حصہ بن چکی ہیں۔ چائے پینے سے لے کر سبزیاں خریدنے اور شاپنگ کرنے تک لوگ UPI کے ذریعہ رقم ادا کررہے ہیں۔ ہر لین دین کے بعد بینک کی جانب سے آنے والے SMS کے ذریعہ صارفین کو معلوم ہوتا ہے کہ ان کے کھاتے سے رقم کٹ گئی ہے۔ تاہم HDFC بینک کے صارفین کیلئے اس سلسلہ میں اہم تبدیلی ہونے جارہی ہے۔
یکم جنوری سے نئی تبدیلی
اطلاعات کے مطابق، یکم جنوری 2027 سے HDFC بینک کے صارفین کو 500 روپے یا اس سے کم رقم کی UPI ادائیگیوں پر SMS الرٹ نہیں بھیجے جائیں گے۔
یعنی اگر کوئی صارف 50، 100، 200 یا 500 روپے کی ادائیگی کرتا ہے تو ممکن ہے کہ اسے بینک کی جانب سے معمول کا SMS موصول نہ ہو۔ تاہم 500 روپے سے زیادہ کی لین دین پر SMS الرٹ جاری رہیں گے۔
RBI کے نئے ضابطے کیا ہیں؟
ریزرو بینک آف انڈیا (RBI) کے نئے ہدایات کے مطابق، یکم جنوری 2027 سے 500 روپے سے زیادہ کی الیکٹرانک بینکنگ لین دین پر بینکوں کیلئے فوری SMS الرٹ بھیجنا لازمی ہوگا۔
500 روپے یا اس سے کم رقم کی لین دین پر SMS بھیجنے یا نہ بھیجنے کا فیصلہ بینک اپنی پالیسی کے مطابق کرسکتے ہیں۔ اگر بینک SMS بھیجتے ہیں تو صارفین سے اس کیلئے کوئی فیس وصول نہیں کی جاسکتی۔
یہ ضابطے صرف UPI ادائیگیوں تک محدود نہیں ہیں بلکہ دیگر الیکٹرانک بینکنگ لین دین پر بھی لاگو ہوں گے۔
ای میل کے ذریعے ملے گی اطلاع
SMS خدمات میں تبدیلی کے باوجود صارفین کو پریشان ہونے کی ضرورت نہیں ہے۔ موصولہ اطلاعات کے مطابق، HDFC بینک تمام UPI لین دین کیلئے ای میل الرٹ جاری رکھے گا۔
اس کا مطلب ہے کہ چھوٹی رقم کی ادائیگی کرنے پر بھی صارفین کے رجسٹرڈ ای میل پتے پر لین دین کی تفصیلات موصول ہوں گی۔ بینک کی پالیسی کے مطابق موبائل ایپ اور پش نوٹیفکیشن کے ذریعہ بھی معلومات فراہم کی جاسکتی ہیں۔
صارفین کیا کریں؟
HDFC بینک کے صارفین اپنے بینک کھاتے سے منسلک موبائل نمبر اور ای میل پتے کی جانچ کرلیں۔ اس کے علاوہ بینک کی موبائل ایپ میں لین دین کے نوٹیفکیشن کی سیٹنگ بھی چیک کرلیں۔
اہم بات یہ ہے کہ 500 روپے تک کی ادائیگیوں پر SMS موصول نہ ہونے کا مطلب یہ نہیں کہ UPI ادائیگیاں بند ہوجائیں گی۔ صرف لین دین کی اطلاع حاصل کرنے کے طریقے میں تبدیلی ہوگی۔