بین الاقوامیتلنگانہسوشیل میڈیا

بیرون ملک ملازمت کے خواہشمند نوجوانوں کیلئے خوشخبری، تلنگانہ حکومت کی جانب سے 1.75 لاکھ روپے تک سبسڈی

چیف منسٹر اوورسیز ایمپلائمنٹ اسکیم کے تحت اہل نوجوانوں کو ویزا، ہوائی سفر اور تربیت کے اخراجات پر 1.75 لاکھ روپے تک سبسڈی، 2026-27 میں 7 ہزار افراد کو فائدہ پہنچانے کا نشانہ

حیدرآباد: بیرون ملک ملازمت حاصل کرنے کے خواہشمند تلنگانہ کے بے روزگار نوجوانوں کیلئے ریاستی حکومت نے ایک اہم اسکیم شروع کی ہے۔ حکومت نے مالی طور پر کمزور خاندانوں سے تعلق رکھنے والے نوجوانوں کو بیرون ملک ملازمت حاصل کرنے میں مدد فراہم کرنے کیلئے چیف منسٹر اوورسیز ایمپلائمنٹ اسکیم متعارف (Chief Minister’s Overseas Employment Scheme)کروائی ہے۔ اس اسکیم کے تحت اہل امیدواروں کو ویزا، ہوائی سفر اور دیگر ضروری اخراجات کیلئے 1.75 لاکھ روپے تک مالی امداد دی جائے گی۔

حکومت نے اس اسکیم پر عمل آوری کے لیے رہنما خطوط جاری کرتے ہوئے 19 نومبر کو جی او نمبر 19 جاری کیا ہے۔ اس اسکیم کو تلنگانہ اوورسیز مین پاور کمپنی لمیٹڈ (ٹام کام) کے ذریعہ نافذ کیا جائے گا۔

حکومت کا مقصد ایسے نوجوانوں کو بیرون ملک روزگار کے مواقع فراہم کرنا ہے جو مالی مشکلات، ضروری معلومات کی کمی اور بیرون ملک جانے کے زیادہ اخراجات کے باعث ملازمت کے مواقع سے فائدہ نہیں اٹھا پا رہے ہیں۔

اسکیم کے تحت ٹام کام نوجوانوں کو غیر ملکی زبانوں کی تربیت، بین الاقوامی معیار کے مطابق فنی مہارتوں میں اضافہ اور ملازمت کے لیے ضروری سرٹیفکیٹس حاصل کرنے میں مدد فراہم کرے گا۔ اس کے علاوہ بیرون ملک محفوظ اور قانونی طریقے سے ملازمت حاصل کرنے کے لیے بھی رہنمائی کی جائے گی۔

پہلے سال 7 ہزار نوجوانوں کو فائدہ

حکومت نے مالی سال 2026-27کے دوران ریاست بھر میں 7 ہزار نوجوانوں کو اس اسکیم سے فائدہ پہنچانے کا نشانہ مقرر کیا ہے۔ ان میں 5,880 نوجوان ایسے ہوں گے جو بغیر کسی خصوصی غیر ملکی زبان کی تربیت کے براہ راست بیرون ملک ملازمت کے لیے جائیں گے، جبکہ 1,120 نوجوانوں کو غیر ملکی زبانوں کی مہارت درکار ہونے والی ملازمتوں کے لیے مالی مدد فراہم کی جائے گی۔

امیدواروں کی تعلیمی قابلیت، دلچسپی، فنی مہارت اور بیرون ملک دستیاب ملازمتوں کو مدنظر رکھتے ہوئے ان کی درجہ بندی کی جائے گی۔

دو زمروں میں مالی امداد

اسکیم کے تحت امیدواروں کو دو زمروں میں تقسیم کیا گیا ہے۔

پہلا زمرہ: ایسے امیدوار جو کسی خصوصی غیر ملکی زبان کی تربیت یا امتحان کے بغیر براہ راست بیرون ملک ملازمت حاصل کریں گے، انہیں ویزا اور ہوائی سفر کے اخراجات کے لیے زیادہ سے زیادہ ایک لاکھ روپے تک کی لاگت کے حساب سے امداد دی جائے گی۔ اس رقم کا 50 فیصد، یعنی زیادہ سے زیادہ 50 ہزار روپے حکومت سبسڈی کے طور پر فراہم کرے گی۔

دوسرا زمرہ: ایسے امیدوار جنہیں ملازمت کے لیے متعلقہ ملک کی زبان میں مہارت اور خصوصی تربیت کی ضرورت ہوگی، ان کے لیے زیادہ سے زیادہ 3.50 لاکھ روپے تک کے اخراجات کو مدنظر رکھا جائے گا۔ اس میں 50 فیصد، یعنی زیادہ سے زیادہ 1.75 لاکھ روپے حکومت کی جانب سے سبسڈی دی جائے گی۔

دونوں زمروں میں باقی 50 فیصد اخراجات امیدواروں کو خود برداشت کرنا ہوں گے۔ جو امیدوار اپنے حصے کی رقم ادا کرنے کی استطاعت نہیں رکھتے، ان کے لیے بینکوں کے ذریعہ قرض کی سہولت فراہم کرنے کا منصوبہ بھی بنایا گیا ہے۔ اس سلسلہ میں ٹام کام قومی بینکوں کے ساتھ مل کر خصوصی قرض پالیسی تیار کرے گا۔

دس سے زائد شعبوں میں ملازمت کے مواقع

اس اسکیم کے تحت تعمیرات، بنیادی سہولتوں کی فراہمی، مینوفیکچرنگ، آٹوموبائل، مکیانیکل، الیکٹریکل، الیکٹرانکس، ٹرانسپورٹ، لاجسٹکس، فیسلٹی مینجمنٹ، طبی معاون خدمات، ہوٹل، سیاحت، مرمت و دیکھ بھال اور گھریلو و ذاتی خدمات جیسے شعبوں میں ملازمتوں کے مواقع فراہم کیے جائیں گے۔

اس مقصد کے لیے بیرون ملک ملازمت فراہم کرنے والے اداروں کے ساتھ شراکت داری اور مختلف ممالک کی حکومتوں کے درمیان روزگار سے متعلق معاہدوں کے ذریعہ مواقع پیدا کیے جائیں گے۔

18 سے 40 سال عمر کے نوجوان اہل

اس اسکیم سے فائدہ اٹھانے کے لیے امیدوار کی عمر 18 سے 40 سال کے درمیان ہونی چاہیے۔ تاہم متعلقہ ملک اور ملازمت فراہم کرنے والے ادارے کے قواعد کے مطابق عمر کی حد میں تبدیلی ہوسکتی ہے۔

امیدوار کا تلنگانہ کا مقامی باشندہ ہونا ضروری ہے۔ اسے چھٹی جماعت سے دسویں جماعت تک کی تعلیم تلنگانہ میں حاصل کی ہوئی ہونی چاہیے۔ آئی ٹی آئی کی بنیاد پر ملازمت کے لیے درخواست دینے والے امیدواروں نے ریاست کے تسلیم شدہ اداروں سے آئی ٹی آئی مکمل کیا ہو۔

اسکیم کے لیے کسی مخصوص سماجی طبقے کی شرط نہیں رکھی گئی ہے، تاہم امیدواروں کو حکومت کی جانب سے مقرر کردہ معاشی طور پر کمزور طبقے (ای ڈبلیو ایس) کی آمدنی کی حد کے دائرے میں ہونا ضروری ہے۔

امیدوار کے پاس متعلقہ پیشے میں کم از کم دو سال کا تجربہ ہونا چاہیے۔ البتہ بعض ممالک کے ورک ویزا قواعد کے مطابق اس شرط میں رعایت دی جاسکتی ہے۔ درخواست دیتے وقت پاسپورٹ کی میعاد کم از کم چھ ماہ باقی ہونا ضروری ہے۔ اس کے علاوہ ملازمت فراہم کرنے والے ادارے کے مقرر کردہ طبی معائنے میں کامیاب ہونا بھی لازمی ہوگا۔

ایک خاندان سے صرف ایک فرد کو فائدہ

حکومت نے واضح کیا ہے کہ راشن کارڈ کی بنیاد پر ایک خاندان کے صرف ایک فرد کو ہی اس اسکیم کے تحت سبسڈی دی جائے گی۔ اس بات کی تصدیق متعلقہ ایم پی ڈی او، پنچایت سکریٹری یا میونسپل عملہ کرے گا کہ خاندان کے کسی دوسرے فرد نے اس اسکیم سے فائدہ حاصل نہیں کیا ہے۔

مجموعی مستفیدین میں خواتین کے لیے کم از کم 33.33 فیصد اور معذور افراد کے لیے کم از کم 5 فیصد نشستیں مختص کی جائیں گی۔ اگر ان زمروں میں کافی تعداد میں اہل امیدوار دستیاب نہ ہوں تو ریاستی سطح کی کمیٹی کی منظوری سے باقی مواقع دوسرے اہل امیدواروں کو فراہم کیے جاسکتے ہیں۔

صرف آن لائن درخواستیں قبول ہوں گی

اس اسکیم کے لیے ٹام کام کے خصوصی آن لائن پورٹل کے ذریعہ ہی درخواستیں داخل کرنا ہوں گی۔ آف لائن درخواستیں قبول نہیں کی جائیں گی۔

درخواست کے ساتھ آدھار کارڈ، راشن کارڈ یا فوڈ سکیورٹی کارڈ، آمدنی کا سرٹیفکیٹ، پاسپورٹ، تعلیمی قابلیت، فنی مہارت اور کام کے تجربے سے متعلق دستاویزات جمع کرانا ضروری ہوگا۔ جہاں ضرورت ہو، وہاں غیر ملکی زبان کی مہارت کا سرٹیفکیٹ بھی پیش کرنا ہوگا۔

امیدوار کا بینک اکاؤنٹ آدھار سے منسلک ہونا بھی لازمی قرار دیا گیا ہے۔

30 دن میں مستفیدین کا انتخاب

آن لائن موصول ہونے والی درخواستوں کی ابتدائی فہرست ضلع روزگار افسر تیار کریں گے۔ اس کے بعد آر ڈی او یا تحصیلدار درخواستوں اور دستاویزات کی جانچ کریں گے۔ اگر مزید دستاویزات کی ضرورت ہوئی تو امیدواروں کو اس کی اطلاع دی جائے گی۔

ضلع سطح کی کمیٹی اہل امیدواروں کی نشاندہی کرتے ہوئے ان کے نام ریاستی سطح کی کمیٹی کو روانہ کرے گی۔ ریاستی سطح کی کمیٹی حتمی انتخاب کا عمل مکمل کرے گی۔ حکومت کے رہنما خطوط کے مطابق درخواستوں کی جانچ اور مستفیدین کے انتخاب کا عمل 30 دن کے اندر مکمل کیا جائے گا۔