یو پی آئی معاملتوں پر جی ایس ٹی منصوبہ سے متعلق مرکز کا بڑا فیصلہ
حکومت نے پھر کہا ہے کہ 2ہزار روپے سے زائد کی یو پی آئی معاملتوں پر جی ایس ٹی لاگو کرنے کا کوئی منصوبہ نہیں ہے۔
نئی دہلی (آئی اے این ایس) حکومت نے پھر کہا ہے کہ 2ہزار روپے سے زائد کی یو پی آئی معاملتوں پر جی ایس ٹی لاگو کرنے کا کوئی منصوبہ نہیں ہے۔
مملکتی وزیر فینانس پنکج چودھری نے راجیہ سبھا میں کہا کہ جی ایس ٹی کونسل نے 2ہزار روپے سے زائد کی یونیفائیڈ پیمنٹ انٹرفیس (یو پی آئی) معاملتوں پر جی ایس ٹی لاگو کرنے کی کوئی سفارش نہیں کی ہے۔ کرناٹک میں یو پی آئی معاملتوں کے اعداد و شمار کی بنیاد پر تاجروں کو جی ایس ٹی ڈیمانڈ نوٹس ملی تھی۔
اُس کے بعد حکومت کا یہ بیان سامنے آیا۔ وزیر اغذیہ و امورِ صارفین پرہلاد جوشی نے گزشتہ ہفتہ کہا تھا کہ کرناٹک میں چھوٹے بیوپاریوں کو جی ایس ٹی نوٹسوں کی اجرائی ریاستی حکومت کی کارستانی ہے۔
مرکزی حکومت نے کوئی نوٹس جاری نہیں کی۔ ڈپٹی چیف منسٹر ڈی کے شیو کمار کے اس دعوے کا جواب دیتے ہوئے کہ نوٹسوں کی اجرائی میں ریاست کا کوئی رول نہیں ہے، جوشی نے کہا کہ یہ بات مضحکہ خیز ہے۔ چھوٹے بیوپاریوں کو جی ایس ٹی وصولی کی نوٹس کرناٹک کے کمرشیل عہدیداروں نے جاری کی۔
انہوں نے کہا کہ اگر مرکز سے یہ نوٹسیں جاری ہوتیں تو کیا دیگر ریاستوں کے بیوپاریوں کو بھی ایسی نوٹسیں نہیں ملتیں۔ کرناٹک کو چھوڑ کر کہیں بھی ایسا نہیں ہوا۔ انہوں نے سوال کیا کہ صرف کرناٹک میں ہی یہ نوٹسیں کیوں جاری ہوئیں؟۔