امریکہ و کینیڈا

ادب کا نوبل انعام جنوبی کورین مصنفہ ہن کانگ کے نام

ہن کانگ 1970 میں جنوبی کوریا کے شہر گوانگجو میں پیدا ہوئیں اور نو برس کی عمر میں دارالحکومت سول منتقل ہو گئی تھیں، وہ تحریر و تصنیف کے ساتھ ساتھ موسیقی سے بھی گہرا شغف رکھتی ہیں جس کا اثر انکے ادبی شہ پاروں میں واضح ہے۔

اسٹاکہوم: ادب کے شعبے میں جنوبی کورین ناول نگار ہن کانگ کی خدمات کا اعتراف کرتے ہوئے اس بار انھیں نوبیل انعام سے نوازنے کا اعلان کیا گیا ہے۔

متعلقہ خبریں
مولانا مفتی حافظ سید ضیاء الدین نقشبندی کو ڈاکٹریٹ کی ڈگری

اس سال نوبیل انعامل برائے ادب 2024 کا فیصلہ کرنے والی رائل سوئیڈش اکیڈمی کے مطابق جنوبی کوریا سے تعلق رکھنے والی ہن کانگ کو یہ انعام ان کی ’’شاعرانہ نثر کے لیے دیا جا رہا ہے جو احساسات سے بھری ہوئی ہے، جس میں تاریخی صدمات اور انسانی زندگی کی ناپائیداری کی منظر کشی کی گئی ہے۔

رائل سوئیڈش اکیڈمی کی ویب سائٹ کے مطابق جنوبی کورین مصنفہ ہن کانگ ادبی پس منظر رکھتی ہیں جبکہ ان کے والد بھی ایک ناول نگار تھے۔

ہن کانگ 1970 میں جنوبی کوریا کے شہر گوانگجو میں پیدا ہوئیں اور نو برس کی عمر میں دارالحکومت سول منتقل ہو گئی تھیں، وہ تحریر و تصنیف کے ساتھ ساتھ موسیقی سے بھی گہرا شغف رکھتی ہیں جس کا اثر انکے ادبی شہ پاروں میں واضح ہے۔

1993 میں انھوں نے بطور شاعرہ اپنی ادبی زندگی کا آغاز کیا، دو برس بعد ہی ان کی مختصر کہانیوں کا مجموعہ شائع ہوا، 2007 میں ان کے ناول ’دی ویجیٹیرین‘ سے انھیں عالمی سطح پر شہرت حاصل ہوئی۔

’دی ویجیٹیرین‘ ہن کانگ کا پہلا ناول تھا جس کا انگریزی میں ترجمہ کیا گیا، بعدازاں 2010 میں ان کا ناول ’دی ونڈ بلوز‘، 2014 میں ’ہیومن ایکٹ‘، 2017 میں ’دی وائٹ بک‘،2021 میں ’وی ڈونٹ پارٹ‘ اور 2023 میں ’گریک لیسن‘ شائع ہوا۔

نوبیل انعام حاصل کرنے والوں کو تقریباً 10 لاکھ ڈالرز کی رقم بھی دی جاتی ہے۔ یہ رقم انعام کا آغاز کرنے والے سوئیڈش موجد الفریڈ نوبیل کے ترکے سے دی جاتی ہے، 10 دسمبر کو الفریڈ نوبیل کی برسی کے موقع پر انعام وصول کرنے والوں کو مدعو کیا جائے گا۔ خیال رہے کہ منگل کو فزکس اور چہارشنبہ کو کیمسٹری کے نوبیل انعامات کا بھی اعلان کیا گیا، امن کے لیے نوبیل انعام کا اعلان جمعے اور معاشیات کے لیے 14 اکتوبر کو کیا جائے گا۔