لکشمی بم نہیں عنقریب سیاسی ایٹم بم پھٹنے والے ہیں: پونگولیٹی
ریاستی وزیر ریونیو، ہاؤسنگ، اطلاعات اور تعلقات عامہ پونگولیٹی سرینواس ریڈی نے کہا کہ دیسی بم یا لکشمی بم کے بجائے جلد ہی سیاسی ایٹم بم پھٹنے والے ہیں۔ واضح رہے کہ پونگولیٹی سرینواس ریڈی نے کہا تھا کہ دیوالی سے پہلے سیاسی بم پھٹنے والے ہیں۔
حیدرآباد (منصف نیوز بیورو) ریاستی وزیر ریونیو، ہاؤسنگ، اطلاعات اور تعلقات عامہ پونگولیٹی سرینواس ریڈی نے کہا کہ دیسی بم یا لکشمی بم کے بجائے جلد ہی سیاسی ایٹم بم پھٹنے والے ہیں۔ واضح رہے کہ پونگولیٹی سرینواس ریڈی نے کہا تھا کہ دیوالی سے پہلے سیاسی بم پھٹنے والے ہیں۔
انہوں نے کہا انکے اس بیان پر کے ٹی آر نے ان سے سوال کیا تھا کہ ایسا کہنے والے پونگولیٹی سرینواس ریڈی کون ہیں؟ سرینواس ریڈی نے کہا کہ انہوں نے اپنے تبصروں میں کے ٹی آر اور دیگر بی آر ایس قائدین کے ناموں کا تذکرہ نہیں کیا تھا لیکن کے ٹی آر نے سخت ردعمل ظاہر کیا۔
سرینواس ریڈی نے مشورہ دیا کہ اگر کے ٹی آر کو لگتا ہے کہ وہ غلط ہیں تو پولیس کے سامنے جا کر خودسپردگی کرے۔ انہوں نے مزید کہا کہ کے ٹی آر کو عدالت کے فیصلہ کا احترام کرنا چاہئے۔ بی آر ایس لیڈر اچھی طرح جانتے ہیں کہ انہوں نے عوامی فنڈز کو لوٹا ہے۔
انہوں نے کہا کہ سبھی جانتے ہیں کہ کے ٹی آر نے کیا کیا ہے؟ اور میں کیا کر رہا ہوں۔ بی آر ایس کے کارگزار صدر کے ٹی راما راؤ کے اس تبصرے پر تنقید کرتے ہوئے کہ پونگولیٹی سرینواس ریڈی نے اڈانی کے پاؤں چھوئے ہیں، انہوں نے کہا کہ وہ کسی کے بھی پاؤں نہیں چھوئیں گے
تاہم انہوں نے کہا کہ انہوں نے کے ٹی آر کے والد کے سی آر کے پیروں کو لاکھوں لوگوں کے سامنے چھوا تھا جب وہ بی آر ایس میں تھے انہوں نے کہا وہ یہ سوچ کر ایسا کرے تھے کہ کے سی آر انکے والد کی طرح ہیں لیکن بی آر ایس نے گیلے کپڑے سے میرا گلا گھونٹ دیا، انہوں نے واضح کیا کہ قانون کسی کو نہیں چھوڑیگا اور جاننا چاہا کہ اگر بی آر ایس قائدین نے جرم نہیں کیا تو وہ وضاحتیں کیوں دے رہے ہیں۔
سرینواس ریڈی نے کہا کہ جلد ہی پتہ چل جائے گا کہ حکومت کے 55 کروڑ روپے کہاں ہیں اور پھر عوام کو پتہ چل جائے گا کہ کون چور ہے؟۔ پونگولیٹی سرینواس ریڈی کے تبصروں کو ان افواہوں کے تناظر میں اہمیت حاصل ہوئی کہ کے ٹی آر کو فارمولا ای ریسنگ کے دوران ہونے والی مبینہ بے ضابطگیوں کے سلسلے میں جیل جانا پڑے گا۔
انہوں نے کہا کہ بی آر ایس لیڈروں نے سرکاری زمینوں پر قبضہ کیا، انہیں اپنے بے نامیوں پر منتقل کیا۔ انہوں نے کہا کہ گلابی قمیض پہنے لیڈروں نے دھرانی پورٹل کا استعمال کرتے ہوئے ہزاروں ایکڑ زمین ہتھیا لی ہے۔