این آر سی نافذ کیا جائے گا، دراندازوں کو نکال باہر کرنے بی جے پی کا اعلان
جھارکھنڈ میں جہاں اسمبلی انتخابات ہونے والے ہیں، سیاسی گرما گرمی میں اضافہ ہوگیا ہے۔ مرکزی وزیر اور بی جے پی کے ریاستی انچارج شیوراج سنگھ چوہان نے پیر کے روز کہا کہ وہ لوگ ریاست میں شہریوں کا قومی رجسٹر (این آرسی) نافذ کریں گے کیونکہ چیف منسٹر ہیمنت سورین کی زیرقیادت ریاستی حکومت دراندازوں کی تائید کررہی ہے۔
رانچی: جھارکھنڈ میں جہاں اسمبلی انتخابات ہونے والے ہیں، سیاسی گرما گرمی میں اضافہ ہوگیا ہے۔ مرکزی وزیر اور بی جے پی کے ریاستی انچارج شیوراج سنگھ چوہان نے پیر کے روز کہا کہ وہ لوگ ریاست میں شہریوں کا قومی رجسٹر (این آرسی) نافذ کریں گے کیونکہ چیف منسٹر ہیمنت سورین کی زیرقیادت ریاستی حکومت دراندازوں کی تائید کررہی ہے۔
شیوراج سنگھ چوہان نے بتایا کہ وہ لوگ ”روٹی، ماٹی اور بیٹی“ کا تحفظ کرنے کے پابند عہد ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی اپنا انتخابی منشور جاری کرنے والی ہے۔ یہ الیکشن کسی کو چیف منسٹر بنانے یا اقتدار حاصل کرنے کیلئے نہیں بلکہ جھارکھنڈ کو بچانے کیلئے ہے۔
بنگلہ دیشی دراندازوں کی وجہ سے ریاست کی آبادی میں تیزی سے تبدیلیاں ہورہی ہیں۔ قبل ازیں سنتھال ریجن کی قبائیلی آبادی زائداز 44 فیصد ہوا کرتی تھی جو اب گھٹ کر 28 فیصد ہوچکی ہے۔
اِن دراندازوں کی وجہ سے آبادی بری طرح متاثر ہوئی ہے۔ انہوں نے چیف منسٹر ہیمنت سورین پر الزام عائد کیا کہ وہ دراندازوں کی مدد کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہیمنت سورین ووٹ بینک کی سیاست کی خاطر دراندازوں کی مدد کررہے ہیں۔ ہم جھارکھنڈ میں این آرسی نافذ کریں گے جس میں مقامی عوام کا رجسٹریشن کیا جائے گا۔
دراندازوں کو چن چن کر نکال باہر کیا جائے گا۔ بی جے پی نے 5 اکتوبر کو جھارکھنڈ کی خواتین اور نوجوانوں کے لئے ”پنچ پَرانہ“ جاری کئے تھے۔ آنے والے اسمبلی انتخابات کے لئے پارٹی نے اپنے انتخابی منشور کے ایک حصہ کے طور پر یہ جاری کئے تھے۔ پارٹی نے 5 وعدے یووا ساتھی، گوگودیدی یوجنا، گھر ساکار، لکشمی جوہر اور یقینی روزگار کا اعلان کیا ہے۔