امرت پال سنگھ کے خلاف این ایس اے
امرت پال سنگھ کے حامیوں کا دعویٰ ہے کہ وہ پہلے ہی پولیس کی غیرقانونی حراست میں ہے۔ اسی دوران پنجاب پولیس نے سینکڑوں سکھوں کو ہٹانے کے لئے طاقت کا استعمال کیا جنہوں نے قومی انصاف مورچہ کے بیانرتلے موہلالی کے قریب گردوارہ سنگھ شہیداں چوک کا محاصرہ کرلیا تھا۔
چندی گڑھ: خالصتان نواز خودساختہ کٹر سکھ مبلغ امرت پال سنگھ پر منگل کے دن نیشنل سیکوریٹی ایکٹ (این ایس اے) لگادیا گیا جو 18 مارچ سے مفرور ہے۔ باخبر ذرائع نے آج یہ بات بتائی۔ پولیس نے امرت پال سنگھ کی ”وارث پنجاب دے“ کے کارکنوں کے خلاف ریاست میں بڑے پیمانہ پر تلاشی مہم شروع کردی ہے۔
تاہم امرت پال سنگھ کے حامیوں کا دعویٰ ہے کہ وہ پہلے ہی پولیس کی غیرقانونی حراست میں ہے۔ اسی دوران پنجاب پولیس نے سینکڑوں سکھوں کو ہٹانے کے لئے طاقت کا استعمال کیا جنہوں نے قومی انصاف مورچہ کے بیانرتلے موہلالی کے قریب گردوارہ سنگھ شہیداں چوک کا محاصرہ کرلیا تھا۔
پولیس نے حامیوں کی بڑی تعداد کو گرفتار کرلیا جو تیز دھاردار ہتھیاروں سے لیس تھے۔ حکومت پنجاب نے اضلاع ترن تارن‘ فیروزپور‘ موگہ اور سنگرور کے علاوہ ضلع امرتسر کے اجنالہ سب ڈیویژن اور ضلع موہالی کے بعض علاقوں میں انٹرنیٹ اور ایس ایم ایس سروس پر امتناع میں 23 مارچ کی دوپہر (12 بجے) تک توسیع کردی۔
چیف منسٹر بھگونت مان نے کہا کہ ان کی حکومت‘ ریاست میں امن و ہم آہنگی درہم برہم کرنے کی کوشش کرنے والے کسی بھی شخص کے خلاف سخت کارروائی کرے گی۔ پیر کے دن پولیس نے وارث پنجاب دے سے جڑے 5 افراد پر قومی سلامتی قانون لاگو کردیا تھا۔