جموں و کشمیر

غلام نبی آزاد نئی پارٹی قائم کریں گے

سابق نائب صدر پردیش کانگریس جی ایم سروری نے کہا کہ غلام نبی آزاد نئی پارٹی قائم کرنے سے قبل اپنے بہی خواہوں سے صلاح و مشورہ کے لئے 4 ستمبر کو جموں آرہے ہیں۔

جموں: کانگریس کے سابق قائد غلام نبی آزاد اپنی پارٹی قائم کرنے والے ہیں اور اس کا پہلا یونٹ اندرون 15 یوم جموں وکشمیر میں قائم ہوگا۔ ان کے قریبی جی ایم سروری نے ہفتہ کے دن یہ بات بتائی۔ انہوں نے زوردے کر کہا کہ جموں وکشمیر کے ماقبل 5  اگست 2019 موقف کی بحالی پارٹی کے منشور کا حصہ ہوگی۔ سابق وزیر جی ایم سروری جموں و کشمیر کے کئی ممتاز کانگریس قائدین میں ایک ہیں جو غلام نبی آزادکی تائید میں پارٹی کی ابتدائی رکنیت سے مستعفی ہوگئے۔

 انہوں نے کہا کہ ان کا قائد نظریاتی طورپر سیکولر ہے اور بی جے پی کی ایماء پر کانگریس کرنے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔ انہوں نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ سینکڑوں سینئر کانگریس قائدین‘ پنچایت ارکان اور ممتاز ورکرس نے غلام نبی آزاد کے کانگریس سے اپنی 50 سالہ رفاقت ختم کرنے کے بعد استعفے دے دیئے۔

سابق نائب صدر پردیش کانگریس جی ایم سروری نے کہا کہ غلام نبی آزاد نئی پارٹی قائم کرنے سے قبل اپنے بہی خواہوں سے صلاح و مشورہ کے لئے 4 ستمبر کو جموں آرہے ہیں۔ جمعہ کے دن استعفیٰ سے چند گھنٹے قبل غلام نبی آزاد نے کہا تھا کہ وہ عنقریب نئی پارٹی قائم کریں گے اور اس کا پہلا یونٹ جموں و کشمیر میں قائم ہوگا۔

 ضلع ڈوڈہ کی بھدروا ٹاؤن شپ سے تعلق رکھنے والے غلام نبی آزاد نے جمعہ کی رات پی ٹی آئی سے کہا تھا کہ مجھے ایک قومی جماعت قائم کرنے کی فی الحال کوئی جلدی نہیں ہے لیکن جموں وکشمیر میں انتخابات کو ذہن میں رکھتے ہوئے میں نے وہاں یونٹ لانچ کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔

 جی ایم سروری نے کئی سابق ارکان اسمبلی کے ساتھ جمعہ کے دن نئی دہلی میں غلام نبی آزاد سے ملاقات کی تھی اور کہا تھا کہ ہم آپ کے ساتھ ہیں۔ سروری نے کہا کہ ہمیں خوشی ہے کہ غلام نبی آزاد جموں وکشمیر واپس آرہے ہیں جہاں وہ 2  نومبر 2005تا 11جولائی 2008  چیف منسٹر رہے۔ لوگ ان کے اس دور کو سنہرا دورمانتے ہیں۔

وہ چاہتے ہیں کہ غلام نبی آزاد جموں و کشمیر کو موجودہ صورتِ حال سے نکالیں۔ سروری نے کہا کہ نئی پارٹی ترقی کے علاوہ سماج کے سبھی طبقات کے اتحاد پر توجہ دے گی۔ وہ 5  اگست  2019 سے قبل کے موقف کی بحالی کے لئے جدوجہد کرے گی۔

 انہوں نے کہا کہ غلام نبی آزاد کے جانے کے بعد جموں و کشمیر میں کانگریس لگ بھگ ختم ہوچکی ہے۔ غلام نبی آزاد سے ملاقات کے لئے جموں و کشمیر سے آنے والے قائدین کی قطار لگی ہے۔