جموں و کشمیر

فلسطینی عوام کو انصاف دلانے کے لیے مسلم دنیا متحد ہو:میر واعظ عمرفاروق

انہوں نے اللہ تعالیٰ سے دعا کی کہ نیا سال مسلمانوں کے لیے امن، اتحاد، اور قوت کا پیامبر بنے اور اللہ مظلوموں کی حفاظت فرمائے، رہنماؤں کو راست بازی کی ہدایت دے اور امت کو درپیش چیلنجوں کا مل کر مقابلہ کرنے کی ہمت و استقامت عطا کرے۔

سری نگر: میرواعظ کشمیر مولوی محمد عمر فاروق نے نئے اسلامی سال 1447 ہجری کے آغاز پر پوری امت مسلمہ بالخصوص جموں و کشمیر کے عوام کو دلی مبارکباد پیش کی ہے۔

متعلقہ خبریں
جیش کی ذیلی تنظیم نے کشمیر دہشت گرد حملہ کی ذمہ داری قبول کرلی
روسی صدر کی مشرق وسطیٰ میں تنازعات کے خاتمے میں مدد کی پیشکش
میر واعظ نظربند، جامع مسجد جانے سے روک دیا گیا
اقوام متحدہ جنرل اسمبلی میں فلسطین پر اسرائیلی قبضہ کے خلاف قرارداد منظور
بے لگام اسرائیل دنیا کو اپنی جاگیر سمجھتا ہے:شاہ اُردن


انہوں نے اللہ تعالیٰ سے دعا کی کہ نیا سال مسلمانوں کے لیے امن، اتحاد، اور قوت کا پیامبر بنے اور اللہ مظلوموں کی حفاظت فرمائے، رہنماؤں کو راست بازی کی ہدایت دے اور امت کو درپیش چیلنجوں کا مل کر مقابلہ کرنے کی ہمت و استقامت عطا کرے۔


مرکزی جامع مسجد سرینگر میں نماز جمعہ سے قبل ایک بڑے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے میرواعظ نے مشرقِ وسطیٰ میں ایران-اسرائیل جنگ بندی کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ ایرانی عوام نے جس حوصلے اور دلیری سے جارحیت کا سامنا کیا، وہ لائقِ تحسین ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایران کی قیادت نے جس تدبر اور بردباری کا مظاہرہ کیا، وہ ایک ذمہ دار ریاست کی علامت ہے جو خطے کے امن کو ترجیح دیتی ہے۔


میرواعظ نے غزہ میں جاری اسرائیلی جارحیت پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جب تک فلسطینی عوام کو ان کا حق نہیں ملتا، مشرقِ وسطیٰ اور دنیا میں حقیقی امن ممکن نہیں۔


انہوں نے کہا کہ غزہ میں روزانہ 70 سے زائد معصوم افراد، جن میں بچے، خواتین اور معذور افراد شامل ہیں، اسرائیلی بمباری کا نشانہ بن رہے ہیں۔ بھوک اور پیاس سے نڈھال متاثرین پر بمباری کی جا رہی ہے۔ یہ ظلم اب ناقابلِ برداشت حدوں کو چھو چکا ہے جبکہ دنیا خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے۔


انہوں نے مسلم دنیا سے اپیل کی کہ وہ اس سفاکیت کے خلاف یکجہتی کا مظاہرہ کرے، فلسطینیوں کے حقِ خود ارادیت اور وطن واپسی کے مطالبے کی کھل کر حمایت کرے اور بین الاقوامی سطح پر منظم آواز بلند کرے۔


میرواعظ نے مزید کہا:’آج جب کہ نیا اسلامی سال شروع ہو رہا ہے، میں مسلم ممالک سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ فلسطین میں جاری نسل کشی کو روکنے اور فلسطینی عوام کے حقوق کی بازیابی کے لیے عملی اقدامات کریں، کیونکہ اسلامی تعلیمات کے مطابق یہ ان کا اخلاقی اور دینی فریضہ ہے۔‘


انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر کے عوام فلسطینی بھائیوں کے ساتھ کھڑے ہیں اور ان کے صبر و استقامت کو سلام پیش کرتے ہیں۔ہم دعا گو ہیں کہ اللہ تعالیٰ فلسطینی عوام کو ظلم سے نجات دے اور انہیں ان کا وطن، امن و عزت کے ساتھ واپس عطا فرمائے۔