بھارت جوڑو یاترا میں شامل ایک شخص کی سڑک حادثہ میں موت، راہول کا اظہار رنج
راہول گاندھی نے اس حادثہ پر یہ کہتے ہوئے اظہار رنج کیا کہ پارٹی کا حقیقی سپاہی اور بھارت جوڑو یاترا کا عزیز ساتھی نہیں رہا۔ یہ حادثہ ادرھاپور پولیس اسٹیشن کی حدود میں پیش آیا۔

اورنگ آباد: ناندیڑ ضلع میں کانگریس کی بھارت جوڑو یاترا میں شامل ٹاملناڈو کے 62 شخص کی ٹرک کی ٹکر سے موت ہوگئی جبکہ اسی ریاست کا ایک اور شخص زخمی ہوگیا۔
جمعرات کو ناندیڑ میں راہول گاندھی کے جلسہ عام کے بعد وہ یاترا کے رات میں قیام کے لیے اردھاپور تحصیل کے پمپل گاؤں مہادیو موضع واپس جارہے تھے کہ 8:20بجے یہ حادثہ پیش آیا۔
راہول گاندھی نے اس حادثہ پر یہ کہتے ہوئے اظہار رنج کیا کہ پارٹی کا حقیقی سپاہی اور بھارت جوڑو یاترا کا عزیز ساتھی نہیں رہا۔ یہ حادثہ ادرھاپور پولیس اسٹیشن کی حدود میں پیش آیا۔ اردھا پور اسٹیشن کے عہدیدار نے کہا کہ ٹرک نے بھارت جوڑو یاترا کے دو شرکاء کو اس وقت ٹکر دے دی جب وہ راہول گاندھی کی ریالی میں شرکت کے بعد یاترا کے پمپل گاؤں مہادیو کیمپ لوٹ رہے تھے۔
مرنے والے شخص کی شناخت گنیسن پونرامن ساکن تنجاوور کی حیثیت سے کی گئی جبکہ سیدل(30) نامی دوسرا یاتری ساکن ٹامل ناڈو حادثہ میں معمولی زخمی ہوا۔ اپنے فیس بک پوسٹ میں راہول گاندھی نے کہا کہ ہمارے ساتھی یاتری شری پی گنیسن جی کی موت پر بے حد غمزدہ ہوں۔
وہ کانگریس کے پابند عہد کارکن تھے جنہوں نے گزشتہ تین دہائیوں کے دوران ہر یاترا میں شرکت کی اور پارٹی کے لیے مہم چلائی۔ ہم پارٹی کے ایک حقیقی سپاہی اور بھارت جوڑو یاترا کے عزیز ساتھی سے محروم ہوگئے۔
میں ان کے خاندان اور بہی خواہوں کے غم میں برابر کا شریک ہوں۔ ملک اور کانگریس پارٹی کے لیے ان کی وفاداری‘ ملک کو متحد کرنے کی ہم سب کی کوشش کے لیے تحریک بنے گی۔