منی پور معاملے پر اپوزیشن کا مسلسل ہنگامہ، لوک سبھا کی کارروائی دو بجے تک ملتوی
لوک سبھا میں اپوزیشن ارکان نے منی پور معاملے پر مسلسل ہنگامہ کھڑا کیا جس کی وجہ سے مانسون سیشن میں مسلسل چوتھے دن وقفہ سوالات کا وقت متاثر رہا اور اسپیکر اوم برلا کو ایوان کی کارروائی دوپہر 2 بجے تک ملتوی کرنی پڑی۔
نئی دہلی: لوک سبھا میں اپوزیشن ارکان نے منی پور معاملے پر مسلسل ہنگامہ کھڑا کیا جس کی وجہ سے مانسون سیشن میں مسلسل چوتھے دن وقفہ سوالات کا وقت متاثر رہا اور اسپیکر اوم برلا کو ایوان کی کارروائی دوپہر 2 بجے تک ملتوی کرنی پڑی۔
مسٹر برلا نے جیسے ہی وقفہ سوالات شروع کیا، اپوزیشن کے اراکین نےہنگامہ کرتے ہوئے کرسی کے سامنے آ کر نعرے بازی شروع کر دی۔
اسپیکر نے وقفہ سوالات شروع کرنے کی کوشش کی لیکن اپوزیشن ارکان مسلسل شوروغل کرتے رہے۔ ہنگامہ بڑھتا ہوا دیکھ کر لوک سبھا کے اسپیکر نے اراکین سے کہا، ”آپ وقفہ سوالات جیسی اہم کارروائی کو چلنے نہیں دے رہے ہیں۔
دنیا کی سب سے بڑی جمہوریت میں نعرےبازی کررہے ہیں ۔ ہنگامہ کسی بھی مسئلے کا حل نہیں ہے۔ آپ اپنی سیٹ پر بیٹھ جائیں۔
میں آپ کو ہر مسئلے پر بولنے کے لیے کافی وقت دوں گا۔ میں آپ سے گزارش کرتا ہوں کہ پارلیمنٹ کا وقار برقرار رکھیں، پلے کارڈز ایوان میں لانا پارلیمانی روایت کے مطابق نہیں۔
میں آپ سے پہلے بھی درخواست کر چکا ہوں۔ آپ سب سینئر ممبر ہیں، پارلیمنٹ کا وقار برقرار رکھیں۔ آپ ایوان نہیں چلانا چاہتے، وقفہ سوالات نہیں چلانا چاہتے، سنجیدہ مسائل پر بات نہیں کرنا چاہتے۔
مسٹر برلا کی بات کا اراکین پر کوئی اثر نہیں ہوا، اس لیے انہوں نے ایوان کی کارروائی دو بجے تک ملتوی کر دی۔