اپوزیشن اتحاد‘ پرانی بوتل میں پرانی شراب:امیت شاہ
امیت شاہ نے اپوزیشن کانگریس پر یہ کہتے ہوئے تنقید کی کہ اس کے دور میں ہندوستان کی معیشت دنیا میں 11 ویں مقام سے آگے نہیں بڑھ سکی جبکہ وزیراعظم مودی نے ایک جھٹکے میں 5 ویں مقام پر پہنچادیا۔

مانسہ(گجرات): مرکزی وزیرامیت شاہ نے اتوار کے دن اپوزیشن اتحاد پر طنزکیا۔ انہوں نے اسے ”پرانی بوتل میں پرانی شراب“ قراردیا۔ انہوں نے دعویٰ کیاکہ یہ اتحاد ان قائدین کا گروپ ہے جو 12لاکھ کروڑ کے کرپشن میں ملوث ہیں۔
امیت شاہ نے اپوزیشن کانگریس پر یہ کہتے ہوئے تنقید کی کہ اس کے دور میں ہندوستان کی معیشت دنیا میں 11 ویں مقام سے آگے نہیں بڑھ سکی جبکہ وزیراعظم مودی نے ایک جھٹکے میں 5 ویں مقام پر پہنچادیا۔
امیت شاہ گجرات کے ضلع گاندھی نگر کے مانسہ ٹاؤن میں نیشنل سیکیوریٹی گارڈ(این ایس جی) کے ریجنل سنٹر کا سنگ بنیادرکھنے کے بعد خطاب کررہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ یوپی اے اور کانگریس ان قائدین کا گروپ ہے جو 12لاکھ کروڑ روپیوں کے کرپشن میں ملوث ہیں۔
ان لوگوں نے اب اپنا نام بدل لیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آپ لوگوں نے پرانی بوتل میں نئی شراب کی کہاوت سنی ہوگی لیکن یہاں بوتل اور شراب دونوں پرانے ہیں‘ دھوکہ مت کھائیے۔ مرکزی وزیر نے کہاکہ بی جے پی مکمل اکثریت کے ساتھ پھر برسرِ اقتدار آئے گی۔
امیت شاہ نے کہا کہ ہم میں بہت سے لوگوں نے جدوجہدآزادی نہیں دیکھی۔ ہم میں کئی لوگوں کو ملک کے لئے مرنے کا موقع نہیں ملا۔ امیت شاہ نے کہا کہ وہ انگریزی زبان کے خلاف نہیں ہیں۔ یہ ہماری ذمہ داری بنتی ہے کہ گجراتی زبان کو زندہ رکھاجائے۔