تعلیم و روزگار

تلنگانہ: 11 ہزار اساتذہ کے تقررات کے لئے ڈی ایس سی کا نیا نوٹیفکیشن، گزشتہ اعلامیہ منسوخ

حیدرآباد: تلنگانہ کے محکمہ اسکول ایجوکیشن نے ڈسٹرکٹ سلیکشن کمیٹی (DSC) 2023 کے نوٹیفکیشن کو منسوخ کردیا ہے اور اعلان کیا ہے کہ اساتذہ کی 11,062 جائیدادوں پر تقررات کے لئے ایک تازہ نوٹیفکیشن جاری کیا جائے گا۔

حیدرآباد: تلنگانہ کے محکمہ اسکول ایجوکیشن نے چہارشنبہ کے روز 5,089 اساتذہ کی جائیدادوں کے لئے ڈسٹرکٹ سلیکشن کمیٹی (DSC) 2023 کے نوٹیفکیشن کو منسوخ کردیا ہے اور اعلان کیا ہے کہ اساتذہ کی 11,062 جائیدادوں پر تقررات کے لئے ایک تازہ نوٹیفکیشن جمعرات 29 فروری کو جاری کیا جائے گا۔

تازہ نوٹیفکیشن میں 6,508 سیکنڈری گریڈ ٹیچرز (SGT)، 2,629 اسکول اسسٹنٹ (SA)، 727 لینگویج پنڈت (LP)، 182 فزیکل ایجوکیشن ٹیچرز (PET) اور 1,016 اسپیشل ایجوکیشن ٹیچرز کی جائیدادیں ہوں گی۔  

ان میں 220 جائیدادیں ایس اے کیڈر اور 796 جائیدادیں ایس جی ٹی کیڈر کے تحت ہوں گی۔

ان میں وہ 5,089 جائیدادیں بھی شامل ہیں جن پر پچھلی بی آر ایس حکومت نے تقررات کا اعلان کرتے ہوئے اعلامیہ جاری کیا تھا تاہم اس اعلامیہ کو منسوخ کردیا گیا ہے جبکہ اس کے تحت 1.77 لاکھ امیدوار درخواستیں داخل کرچکے ہیں۔

انہیں دوبارہ درخواست داخل کرنے کی ضرورت نہیں ہوگی۔ امتحان کمپیوٹر بیسڈ موڈ میں ہوگا جو مئی/جون کے مہینے میں منعقد کیے جانے کا امکان ہے۔

کچھ امیدوار SGT اور SA جیسی متعدد پوسٹوں کے لئے امتحانات تحریر کرتے ہیں، اس لئے مختلف تاریخوں پر مختلف امتحانات منعقد کرنے کا منصوبہ بنایا جا رہا ہے۔

a3w
a3w