جاسوسی کا الزام، آرڈننس فیکٹری ملازم گرفتار
اترپردیش اے ٹی ایس نے آرڈننس اکوپمنٹ فیکٹری (او ای ایف) حضرت پور کے ایک ملازم کو پاکستان کی انٹرسرویسس انٹلیجنس(آئی ایس آئی) کو خفیہ جانکاری دینے کے الزام میں گرفتار کرلیا۔

آگرہ (آئی اے این ایس) اترپردیش اے ٹی ایس نے آرڈننس اکوپمنٹ فیکٹری (او ای ایف) حضرت پور کے ایک ملازم کو پاکستان کی انٹرسرویسس انٹلیجنس(آئی ایس آئی) کو خفیہ جانکاری دینے کے الزام میں گرفتار کرلیا۔
عہدیداروں نے یہ بات بتائی۔ رویندر کمار نامی یہ شخص پاکستانی آئی ایس آئی کے جال میں پھنس گیا تھا اور اہم دفاعی جانکاری اسے دے رہا تھا۔
اے ٹی ایس لکھنو نے جمعرات کے دن اسے گرفتار کرلیا۔ اس کے ایک ساتھی کی بھی گرفتاری عمل میں آئی۔ تحقیقات میں پتہ چلا کہ رویندر کمار کی رسائی حساس کاغذات تک تھی۔
اس نے حساس جانکاری بشمول ڈیلی پروڈکشن رپورٹ‘ اسکریننگ کمیٹی کے خفیہ مکتوبات‘ زیرالتوا آرڈر لسٹ‘ ڈرونس اور گگن یان پراجکٹ کی تفصیلات پاکستانی آئی ایس آئی سے جڑی ایک عورت کو دے دی۔ حضرت پور کی اس فیکٹری میں وزارت ِ دفاع‘ ہندوستانی مسلح افواج کے لئے ڈرون‘ پیراشوٹ اور دیگر اہم فوجی آلات تیار کرتی ہے۔
عورت نے اپنا تعارف نیہا شرما کی حیثیت سے کرایا تھا اور 2024 میں رویندر کمار سے دوستی کرلی تھی۔ رویندر کمار اس عورت کے جال میں پھنس گیا اور اس نے اس کا نمبر اپنے موبائل فون میں چندن اسٹور کیپر 2 کے نام سے سیف کیا تھا تاکہ کسی کو بھی شبہ نہ ہو۔ ایسا لگتا ہے کہ رویندر کمار واٹس ایپ کے ذریعہ خفیہ کاغذات نیہا شرما کو بھیجتا تھا اور بدلہ میں اسے پیسہ ملتا تھا۔
12 مارچ کو اسے پوچھ تاچھ کے لئے اے ٹی ایس فیلڈ یونٹ آگرہ بلایا گیا تھا۔دورانِ پوچھ تاچھ اس نے ابتدا میں بے ربط جوابات دیئے اور تحقیقاتی عہدیداروں کو گمراہ کرنے کی کوشش کی۔ دوسرے دن اسے اے ٹی ایس ہیڈکوارٹرس لکھنو لایا گیا۔ سیکوریٹی ایجنسیاں سارا ڈیجیٹل ثبوت کھنگال رہی ہیں۔