جموں و کشمیر

پہلگام دہشت گرد حملہ: امت شاہ نے جاں بحق ہوئے سیاحوں کو خراج عقیدت پیش کیا

اطلاعات کے مطابق بدھ کی صبح پولیس کنٹرول روم سری نگر میں تعزیتی گلباری تقریب منعقد ہوئی جس میں وزیر داخلہ امت شاہ، جموں وکشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا اور جموں وکشمیر کے وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے شرکت کی۔

سری نگر: مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ، لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا اور جموں و کشمیر کے وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے بدھ کی صبح سرینگر کے پولیس کنٹرول روم (پی سی آر) کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے جاں بحق ہوئے سیاحوں کو پرنم آنکھوں سے خراج عقیدت پیش کیا۔

متعلقہ خبریں
وزیراعظم۔ وزیر داخلہ کی جوڑی نے الیکشن کمیشن کی آزادی ختم کردی: کانگریس
امیت شاہ سے ملاقات کی افواہ بے بنیاد: سنجے راوت
ملک میں 10سال میں مزید 75ہزار میڈیکل نشستیں:امیت شاہ
مودی کے تعلق سے کھرگے کے ریمارکس بھدے نہیں: پون کھیڑا
امیت شاہ پر کانگریس کا پلٹ وار

اطلاعات کے مطابق بدھ کی صبح پولیس کنٹرول روم سری نگر میں تعزیتی گلباری تقریب منعقد ہوئی جس میں وزیر داخلہ امت شاہ، جموں وکشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا اور جموں وکشمیر کے وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے شرکت کی۔

امت شاہ نے جاں بحق ہوئے افراد کو خراج پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ سانحہ صرف سیاحوں پر نہیں بلکہ انسانیت پر حملہ ہے، اور حکومت متاثرہ خاندانوں کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتی ہے۔

انہوں نے واضح الفاظ میں کہا کہ اس بزدلانہ حملے میں ملوث دہشت گردوں کو کسی بھی صورت بخشا نہیں جائے گا۔پی سی آر میں تعزیتی تقریب کے دوران سکیورٹی افسران، اعلیٰ حکام اور اہلکاروں نے بھی شہداء کو خراج عقیدت پیش کیا۔ وزیر داخلہ نے اس موقع پر وادی میں سکیورٹی صورتحال کا بھی جائزہ لیا اور متعلقہ افسران سے تفصیلی بریفنگ حآصل کی۔

پی سی آرمیں تعزیتی گلباری تقریب میں شرکت کے بعد مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ اور لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا پہلگام روانہ ہوئے جہاں وہ جائے وقوع کا معائنہ کرنے کے ساتھ ساتھ گورنمنٹ میڈیکل کالج اننت ناگ میں زیر علاج زخمیوں کی عیادت کریں گے۔

واضح رہے کہ پہلگام حملے کے بعد وادی بھر میں سکیورٹی مزید سخت کر دی گئی ہے، بالخصوص جنوبی کشمیر میں زمینی اور فضائی نگرانی کو غیر معمولی طور پر بڑھا دیا گیا ہے۔

ڈرونز اور سی سی ٹی وی کی مدد سے مشتبہ حرکات پر کڑی نظر رکھی جا رہی ہے جبکہ اضافی فورسز بھی تعینات کر دی گئی ہیں۔

اس سانحے کے پیشِ نظر منگل کی شب وزیر داخلہ کی صدارت میں ایک اعلیٰ سطحی اجلاس بھی منعقد ہوا، جس میں فوج، سی آر پی ایف، جموں و کشمیر پولیس اور خفیہ ایجنسیوں کے اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں حملے کی تحقیقات، انٹیلی جنس کی ناکامی، اور مستقبل کے لائحہ عمل پر تبادلہ خیال کیا گیا۔