دہلی

پاکستان، غیرذمہ دار نیوکلیر مملکت۔ جنرل عاصم منیر کی دھمکی پر سرکاری ذرائع کا ردعمل

پاکستانی فوج کے سربراہ فیلڈ مارشل عاصم منیر کا امریکی سرزمین سے نیوکلیر دھمکی دینا بتاتا ہے کہ پڑوسی ملک ”غیرذمہ دار“ نیوکلیر مملکت ہے اور خطرہ ہے کہ نیوکلیر اسلحہ نان اسٹیٹ ایکٹرس کے ہاتھوں میں جاسکتا ہے۔

نئی دہلی (پی ٹی آئی) پاکستانی فوج کے سربراہ فیلڈ مارشل عاصم منیر کا امریکی سرزمین سے نیوکلیر دھمکی دینا بتاتا ہے کہ پڑوسی ملک ”غیرذمہ دار“ نیوکلیر مملکت ہے اور خطرہ ہے کہ نیوکلیر اسلحہ نان اسٹیٹ ایکٹرس کے ہاتھوں میں جاسکتا ہے۔

سرکاری ذرائع نے پیر کے دن یہ بات بتائی۔ فلوریڈا میں اوورسیز پاکستانیوں سے خطاب میں جنرل منیر نے کہا تھا کہ ہندوستان کے ساتھ مستقبل کی جنگ میں اگر ان کے ملک کی بقا خطر ہ میں پڑجائے تو نیوکلیر اسلحہ استعمال کیا جاسکتا ہے۔

پاکستانی فوجی سربراہ نے خبردار کیا کہ پاکستان کو دریائی پانی کا بہاؤ روکا گیا تو اسلام آباد‘ ہندوستان کا انفرااسٹرکچر تباہ کردے گا۔ جنرل نے کہا کہ ہمارا ملک نیوکلیر مملکت ہے۔ اگر ہمیں ایسا لگا کہ ہم ڈوب رہے ہیں تو آدھی دنیا کو ساتھ لے کر ڈوبیں گے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ پاکستان میں جمہوریت نہیں ہے اور ملک پر فوج کا کنٹرول ہے۔ ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ امریکہ میں عاصم منیر کی جس طرح آؤبھگت ہوئی اسے دیکھ کر ایسا لگتا ہے کہ اگلا قدم پاکستان میں خاموش یا کھلی بغاوت ہوگاتاکہ فیلڈ مارشل‘ صدر مملکت بن جائے۔ جنرل منیر اِن دنوں امریکہ کے دورہ پر ہیں۔ 2 ماہ میں یہ ان کا دوسرا دورہ ہے۔