شرابیوں کا حاملہ خاتون اور شوہر پر بہیمانہ حملہ (ویڈیو)
آندھراپردیش کے ضلع گنٹورمیں ایک دل دہلا دینے والا واقعہ پیش آیا جہاں شراب کے نشہ میں دھت چند نوجوانوں نے ایک حاملہ خاتون اور اُس کے شوہر پر بے رحمانہ حملہ کیا۔

حیدرآباد: آندھراپردیش کے ضلع گنٹورمیں ایک دل دہلا دینے والا واقعہ پیش آیا جہاں شراب کے نشہ میں دھت چند نوجوانوں نے ایک حاملہ خاتون اور اُس کے شوہر پر بے رحمانہ حملہ کیا۔
متاثرین آنند اور سنیتا دونوں ریلوے ملازمین ہیں اور وجئے واڑہ میں ملازمت کرتے ہیں۔ واقعہ اس وقت پیش آیا جب وہ اپنی ڈیوٹی ختم کرنے کے بعد بائیک پر اُنڈاولّی واپس جا رہے تھے۔
اسی دوران نشہ میں مدہوش کچھ نوجوانوں نے ان کی بائیک کو ٹکر مار دی۔سنیتا نے جب ان نوجوانوں سے سخت لہجے میں سوال کیا تو انہوں نے اپنے ساتھیوں کو طلب کرتے ہوئے ان دونوں پر حملہ کر دیا۔
متاثرہ خاتون نے بتایا کہ اُس نے حملہ آوروں سے رحم کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ وہ پانچ ماہ کی حاملہ ہے، مگر ان نوجوانوں نے ذرا بھی رحم نہ کیا اور وحشیانہ طریقہ سے مار پیٹ کی۔
مقامی افراد جب متاثرین کی مدد کے لئے آئے تو ان نوجوانوں نے انہیں بھی دھمکاتے ہوئے بھگا دیا۔ حملہ کے بعد نوجوان موقع سے فرار ہو گئے جبکہ شدید زخمی جوڑا وجئے واڑہ کے ایک اسپتال میں زیرِ علاج ہے۔