قومیسوشیل میڈیا

سیلاب میں والدین نے بچہ کو بچانے کے لئے جان خطرے میں ڈال دی

وائرل ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ماں اور باپ دونوں سینے تک پانی میں ڈوبے ہوئے ہیں، لیکن انہوں نے ہمت نہیں ہاری۔ باپ نے نومولود کو اپنے سر سے اوپر اٹھا رکھا ہے تاکہ بچہ کا ایک قطرہ پانی سے بھی سامنا نہ ہو اور دونوں احتیاط سے پانی کو چیرتے ہوئے آگے بڑھ رہے ہیں۔

پریاگ راج (اترپردیش) میں گنگا اور یمنا دریاؤں کے رَو عتاب نے شہری زندگی کو مفلوج کر دیا ہے۔ دونوں دریاؤں کا پانی خطرے کے نشان سے اوپر بہہ رہا ہے، جس کے باعث کئی رہائشی علاقے زیرِ آب آچکے ہیں اور لوگ شدید مشکلات کا شکار ہیں۔

اسی دوران ایک دل دہلا دینے والا اور جذباتی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہورہا ہے، جس میں ایک جوڑا اپنے نومولود بچے کو سیلابی پانی سے بچانے کے لئے جان کی پرواہ کئے بغیر آگے بڑھ رہا ہے۔ یہ منظر دیکھ کر بہت سے لوگوں کو فلم ’باہوبلی‘ کا وہ مشہور منظر یاد آگیا، جس میں رانی شیواجی اپنے نومولود کو بچاتے ہوئے دریا کے بیچ سے گزرتی ہیں۔

وائرل ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ماں اور باپ دونوں سینے تک پانی میں ڈوبے ہوئے ہیں، لیکن انہوں نے ہمت نہیں ہاری۔ باپ نے نومولود کو اپنے سر سے اوپر اٹھا رکھا ہے تاکہ بچہ کا ایک قطرہ پانی سے بھی سامنا نہ ہو اور دونوں احتیاط سے پانی کو چیرتے ہوئے آگے بڑھ رہے ہیں۔ یہ واقعہ پریاگ راج کے چھوٹا بگھاڑا علاقہ کا بتایا جا رہا ہے، جہاں گنگا اور یمنا کے تیز بہاؤ نے خطرناک صورتحال پیدا کر رکھی ہے۔

یہ ویڈیو انسٹاگرام پر @adeel_hamzaaa_ نامی اکاؤنٹ سے شیئر کیا گیا ہے۔ ویڈیو شیئر کرتے ہوئے کیپشن میں لکھا گیا:
"باہوبلی کی طرح ایک شخص، جو ایک ہی وقت میں باپ اور شوہر کا فرض نبھا رہا ہے۔”
اس ویڈیو کو اب تک 4 لاکھ سے زائد مرتبہ دیکھا جاچکا ہے جبکہ 44 ہزار سے زیادہ لوگ اسے پسند کرچکے ہیں۔

سوشل میڈیا پر صارفین اس بہادر جوڑے کی دل کھول کر تعریف کر رہے ہیں۔ تاہم، کچھ لوگوں نے کمنٹس میں اس بات پر بھی سوال اٹھایا کہ ایسے خطرناک حالات میں متاثرہ علاقوں میں حکومتی امداد اور ریسکیو ٹیمیں بروقت کیوں نہیں پہنچ رہیں۔