پارلیمنٹ سیکوریٹی چُوک کیس: للت جھا، 7 دن کی پولیس تحویل میں
للت جھا کی گرفتاری کے بعد دہلی پولیس نے 13 دسمبر کے پارلیمنٹ سیکوریٹی چُوک کیس کی تحقیقات کے سلسلہ میں مزید 2 افراد کو حراست میں لیا ہے۔
نئی دہلی: للت جھا کی گرفتاری کے بعد دہلی پولیس نے 13 دسمبر کے پارلیمنٹ سیکوریٹی چُوک کیس کی تحقیقات کے سلسلہ میں مزید 2 افراد کو حراست میں لیا ہے۔ للت جھا کی گرفتاری جمعرات کی رات عمل میں آئی۔
دہلی پولیس اسپیشل سل ذرائع کے بموجب مزید 2 افراد مہیش اور کیلاش کو حراست میں لیا گیا ہے۔
مہیش‘ للت جھا کے ساتھ کرتویہ پتھ پولیس اسٹیشن پہنچا تھا جہاں اس نے خود کو قانون کے حوالہ کردیا تاہم للت جھا کو جمعرات کی رات میں ہی گرفتار کرلیا گیا جبکہ مہیش کو پوچھ تاچھ کے لئے زیرحراست رکھا گیا ہے۔ للت جھا ذریعہ بس راجستھان گیا تھا۔
شبہ ہے کہ دہلی واپسی سے قبل اس نے اپنے موبائل فون ضائع کردیئے۔ للت جھا بہار کا رہنے والا ہے لیکن مغربی بنگال میں مقیم ہے۔
پی ٹی آئی کے بموجب دہلی کی ایک عدالت نے اسے 7 دن کی پولیس تحویل میں بھیج دیا تاکہ اس سے زیرحراست پوچھ تاچھ کی جاسکے۔
خصوصی جج ہردیپ کور نے للت جھا کو ریمانڈ کردیا۔ سرکاری وکیل نے کہا تھا کہ وہ واقعہ کا منصوبہ ساز ہے اور اس سے ساری سازش کا پتہ چلانے کے لئے پوچھ تاچھ ضروری ہے۔