پاسپورٹ آفس 24 گھنٹےکھلے رہیں گے
وزیرداخلہ محسن نقوی کا سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر کہنا تھا کہ لاہور اور کراچی میں کم از کم ایک پاسپورٹ آفس 24 گھنٹے کھلا رہے گا۔
اسلام آباد: وفاقی حکومت نے لاہور اور کراچی میں کم از کم ایک پاسپورٹ آفس 24 گھنٹے کھلا رکھنے کا اعلان کر دیا۔
ڈان نیوز کے مطابق وزیرداخلہ محسن نقوی کا سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر کہنا تھا کہ لاہور اور کراچی میں کم از کم ایک پاسپورٹ آفس 24 گھنٹے کھلا رہے گا۔
محسن نقوی نے کہا کہ اس سے شہریوں کو پاسپورٹ آفس کی سہولیات تک رسائی آسان اور ممکن ہو گی۔
واضح رہے کہ 29 اپریل کو ڈان نیوز نے رپورٹ کیا تھا کہ ملک بھر میں پاسپورٹ کی چھپائی کا عمل ایک بار پھر متاثر ہوگیا ہے، جبکہ دستاویزات کی طباعت کا بیک لاگ ایک بار پھر 2 لاکھ سے تجاوز کرگیا۔
دسمبر اور جنوری میں پاسپورٹ کے لیے اپلائی کرنے والوں کو تاحال پاسپورٹ نہیں مل سکے، ذرائع کے مطابق دسمبر اور جنوری میں پاسپورٹ کے حصول کے لیے فارم جمع کرانے والوں کو پاسپورٹ جج آپریشن مکمل ہونے کے بعد دیے جائیں گے۔
ذرائع نے بتایا تھا کہ حج آپریشن کی وجہ سے پاسپورٹ کا عمل متاثر ہوا ہے، صرف حج پر جانے والے افراد کو اس وقت ترجیح دی جارہی ہے۔
مزید کہنا تھا کہ جدید مشینیں دستیاب نہ ہونے کی وجہ سے محدود پیمانے پر پاسپورٹ کی چھپائی ہو رہی ہے۔