یوروپ

برطانیہ کے نئے وزیراعظم رشی سونک کا پہلا کابینی اجلاس

وزیراعظم کی حیثیت سے پہلے دن انہوں نے آج اپنی نئی کابینہ سے ملاقات کی۔ بعدازاں انہوں نے دوپہر میں قائد اپوزیشن کیراسٹارمر کا سامنا پرائم منسٹر کوئسچنس (پی ایم کیوس) میں کیا۔ بی بی سی نے یہ اطلاع دی۔

لندن: وزیراعظم برطانیہ رشی سونک نے چہارشنبہ کے دن اپنا پہلا کابینی اجلاس نئی ٹیم کے ساتھ منعقد کیا۔ وزیراعظم کی حیثیت سے پہلے دن انہوں نے آج اپنی نئی کابینہ سے ملاقات کی۔ بعدازاں انہوں نے دوپہر میں قائد اپوزیشن کیراسٹارمر کا سامنا پرائم منسٹر کوئسچنس (پی ایم کیوس) میں کیا۔ بی بی سی نے یہ اطلاع دی۔

پی ایم کیوس برطانوی سیاست میں ہفتہ وار ہائی پروفائل ایونٹ ہوتا ہے۔ ہر چہارشنبہ کی دوپہر یہ میٹنگ اس وقت ہوتی ہے جب دارالعوام کا اجلاس چل رہا ہوتا ہے۔ تقریباً 30منٹ کے لئے وزیراعظم کو کامنس چیمبر کے ڈسپاچ باکس میں بلایا جاتا ہے جہاں انہیں کسی بھی موضوع پر ارکان پارلیمنٹ کے سوالات کا جواب دینا ہوتا ہے۔

قائد اپوزیشن کو 6 سوالات ملتے ہیں۔ نئی کابینہ کی تصویر بھی جاری کئی گئی۔ منگل کے دن رشی سونک نے اپنی ٹیم کا اعلان کیا تھا۔ ان کی پہلی کابینی میٹنگ اس تنقید کے بیچ ہوئی کہ انہوں نے ہندوستانی نژاد سویلا بریومیان کو دوبارہ ہوم سکریٹری کیوں بنایا۔

 فارن سکریٹری جیمس کلیورلی نے جن کا عہدہ نئے وزیراعظم نے برقرار رکھا‘ سویلا بریومیان کو دوبارہ ہوم سکریٹری بنانے کے وزیراعظم کے فیصلہ کا دفاع کیا۔ 42 سالہ رشی سونک انوسٹمنٹ بینکر سے سیاستداں بنے ہیں۔ وہ 210 سالہ تاریخ میں سب سے کم عمر برطانوی وزیراعظم ہیں۔ وہ برطانیہ کے پہلے ہندو وزیراعظم بھی ہیں۔