شمالی بھارت

اتراکھنڈ میں یکساں سیول کوڈ کی راہ ہموار

اتراکھنڈ میں یکساں سیول کوڈ (یو سی سی) لاگو کرنے کے لئے قواعد و ضوابط کا قطعی مسودہ جمعہ کے دن چیف منسٹر پشکر سنگھ دھامی کو پیش کردیا گیا۔

دہرہ دون (پی ٹی آئی) اتراکھنڈ میں یکساں سیول کوڈ (یو سی سی) لاگو کرنے کے لئے قواعد و ضوابط کا قطعی مسودہ جمعہ کے دن چیف منسٹر پشکر سنگھ دھامی کو پیش کردیا گیا۔

سابق چیف سکریٹری شتروگھن سنگھ کی سربراہی میں بنی 9 رکنی کمیٹی نے سکریٹریٹ میں دھامی کو دستاویز سونپ دی۔ مسودہ ملنے کے فوری بعد میڈیا سے بات چیت میں چیف منسٹر نے کہا کہ اس کا مقصد سماج کے ہر طبقہ سے مساوی سلوک اور عورتوں کو بااختیار بنانا ہے۔

یو سی سی ڈرافٹ موصول ہونے کے بعد اتراکھنڈ میں اسے لاگو کرنے کی راہ ہموار ہوگئی ہے۔ ریاستی حکومت اب اس کا جائزہ لے گی اور ڈرافٹ کو کابینہ کے سامنے رکھے گی۔ کابینہ کی منظوری ملتے ہی یکساں سیول کوڈ لاگو ہوجائے گا۔ اتراکھنڈ‘ ملک میں یہ قانون لاگو کرنے والی پہلی ریاست بن جائے گی۔

مسودہ قواعد و ضوابط کو 4 حصوں میں بانٹا گیا ہے۔دھامی نے کہا کہ شادی‘ طلاق‘ وراثت‘ لیو اِن ریلیشن شپ اور پیدائش و موت کا رجسٹریشن ہوگا۔ دھامی نے کہا کہ یو سی سی کسی طبقہ کو نشانہ بنانے کے لئے نہیں لایا جارہا ہے۔ یہ سبھی کے لئے برابری اور عورتوں کو بااختیار بنانے کے لئے ہے۔

ریاستی کابینہ میں تبادلہ خیال کے بعد اسے عنقریب لاگو کردیا جائے گا۔ اسے لاگو کرنے کے لئے جو عہدیدار اور ملازمین درکار ہوں گے انہیں بھی ٹریننگ دینے کی ضرورت ہے۔ لازمی رجسٹریشن کے لئے آن لائن سہولت دی جائے گی۔ سرکاری دفاتر میں دوڑدھوپ کی ضرورت نہیں رہے گی۔

بی جے پی زیراقتدار کئی ریاستیں‘اتراکھنڈ ماڈل کو اپنانے کا ارادہ رکھتی ہیں۔ چیف منسٹر دھامی نے 2022 کے اسمبلی الیکشن میں یو سی سی لاگو کرنے کا بڑا انتخابی وعدہ کیا تھا۔ دوسری مرتبہ چیف منسٹر بننے کے بعد انہوں نے سپریم کورٹ کی ریٹائرڈ جج جسٹس رنجنا پرکاش دیسائی کی سربراہی میں 27مئی 2022 کو کمیٹی بنائی تھی۔