’’پے سی ایم کرو‘‘، بدعنوان کرناٹک حکومت کے خلاف پوسٹرس
یہ کیو آر کوڈ آپ کو '40 فیصد سرکارا' کے نام سے تیار کی گئی ویب سائٹ پر لے جائے گا جسے حال ہی میں کانگریس نے شہریوں کو بی جے پی حکومت کی بدعنوانیوں کے خلاف شکایات درج کرانے کے لیے بنائی تھی۔
بنگلورو: کرناٹک میں حکمراں بی جے پی پر اپنے حملوں میں شدت لاتے ہوئے ، پردیش کانگریس نے چہارشنبہ کے روز پورے بنگلور میں چیف منسٹر بسوراج بومائی کی شکل اور ان پر ایک کیو آر کوڈ کے ساتھ ’’پے سی ایم کرو‘‘ کے پوسٹرس لگادئیے۔
یہ کیو آر کوڈ آپ کو ’40 فیصد سرکارا’ کے نام سے تیار کی گئی ویب سائٹ پر لے جائے گا جسے حال ہی میں کانگریس نے شہریوں کو بی جے پی حکومت کی بدعنوانیوں کے خلاف شکایات درج کرانے کے لیے بنائی تھی۔
پوسٹرز اس بات کو اجاگر کرنے کے لیے بنائے گئے ہیں کہ موجودہ بی جے پی دور حکومت میں کس طرح 40 فیصد کمیشن کی شرح معمول کی بات بن گئی ہے۔
پچھلے ہفتے، کانگریس نے مبینہ بدعنوان طریقوں پر ریاستی حکومت کو نشانہ بنانے کی مہم شروع کی۔ پارٹی نے کرناٹک کے شہریوں سے کہا ہے کہ وہ ویب سائٹ 40percentsarkara.com پر بی جے پی حکومت کی بدعنوانیوں کی اطلاع دیں اور شکایات درج کرائیں۔
کرناٹک کانگریس کے سینئر لیڈر سدارامیا نے اس سے قبل ریاستی انتظامیہ کو ’’40 فیصد سرکار‘‘ کہا تھا جو ’’لٹیروں اور گھوٹالوں‘‘ سے بھری ہوئی ہے۔ کانگریس نے کہا کہ وہ بدعنوانی سے متعلق اعتراضات پر حکومت کی خاموشی پر سوال اٹھاتی رہے گی۔
اسی دوران بنگلورو پولیس نے پے سی ایم کرو کے پوسٹرس کی اطلاع ملنے پر فوری انہیں ہٹانے کی کارروائی شروع کردی۔